ایلون مسک کو اربوں کا نقصان

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک) فروری میں ٹیسلا کے حصص گرنے سے ایلون مسک کو اربوں کا نقصان ہوا جس کا فائدہ مارک زکر برگ کو ہوا اور وہ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بن گئے تاہم ایلون مسک امیر ترین افراد کی فہرست میں اول نمبر پر ہی رہے۔ فوربز کے مطابق یکم مارچ تک دنیا کے سرفہرست دس امیر ترین افراد میں ایلون مسک پہلے نمبر پر ہیں یہ اعزاز ان کے پاس مئی 2024سے ہے۔ فروری کے آخر میں ایمیزون کے بانی اور چیئرمین جیف بیزوس نمبر 2سے دنیا کے نمبر 3 امیر ترین بن گئے۔ بل گیٹس 10 امیر ترین افراد کی فہرست سے باہر ہو گئے۔ دنیا کے امیر ترین لوگوں میں سے آٹھ امریکی ہیں باقی دو میں ایک فرانس کے برنارڈ ارنولٹ اور دوسرے اسپین کے امانسیو اورٹیگا ہیں۔ یکم مارچ تک کے اعداد و شمار کے حساب سے یہ تمام امیر افراد مرد ہیں اور ان میں سے ہر ایک کی مالیت 118بلین ڈالر یا اس سے زیادہ ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے فروری کا زیادہ تر حصہ وفاقی ملازمتوں کو کم کرنے کیلئے کام کرتے ہوئے گزارا، اسٹاک میں کمی آئی اور دنیا کے دس امیر ترین افراد کو مجموعی طور پر 140بلین ڈالر کا خسارہ ہوا اور سب سے زیادہ نقصان ایلون مسک گروپ کا ہوا مگر پھر بھی وہ دنیا کا امیر ترین شخص ہیں۔ ٹیسلا کے حصص میں شدید مندی نے ان کی دولت سے 62بلین ڈالر کم کر دیے کیونکہ الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے فروری میں اپنی مارکیٹ کی قیمت کا ایک چوتھائی حصہ کم کر دیا۔ دسمبر میں مسک 400بلین ڈالر سے زیادہ کی مالیت کے پہلے ارب پتی بن گئے، کیونکہ ٹیسلا کے حصص میں اضافہ ہوا اور نئے سرمایہ کاروں کی بدولت مسک کی مصنوعی زہانت کی نجی کمپنی ایکس اے آئی کی قدر میں بھی اضافہ ہوا لیکن امیر ترین شخص کے عہدہ پر ان کا اقتدار نسبتا مختصر رہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں