ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ کا سالانہ ترقیاتی اسکیموں پر کام تیز کرنے کا حکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26کی سکیموں پر تعمیراتی کاموں کو تیز کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں اورواضح کیاہے کہ ڈرینج مشینری سمیت دیگر پمپنگ مشینری کی فیصل آباد پہنچنے میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 کی سکیموں کے تعمیراتی کاموں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اے ڈی پی کے تحت جن سکیموں پر کام شروع کردیا گیا ہے ان کومزید تیز کیا جائے اور جن سکیموں کا ابھی آغاز نہیں ہو سکا ان میں درپیش رکاوٹوں کو دور کر کے جلد از جلد تعمیراتی کام شروع کروایا جائے۔ ایم ڈی واسا نے اے ڈی پی سکیموں کو مقرر کردہ ٹائم فریم میں مکمل کرنے کی تاکید بھی کی جبکہ واضح کیا کہ موسم برسات کی آمد کے پیش نظر بارش کے دوران کوئی سائٹ اوپن نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سیوریج سکیموں میں بچھائی جانے والی پائپ لائنز منظور شدہ اداروں سے حاصل کی جائیں جبکہ ان کی لازمی انسپکشن کرنے کے بعد اپ ڈیٹ رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا اے ڈی پی پروگرام کی تمام سکیموں کے تعمیراتی کاموں میں سیفٹی اقدامات مکمل رکھے جائیں جبکہ متعلقہ سائٹس پر پراجیکٹ کا نام، سکوپ اور کنٹریکٹر کے ناموں کے سائن بورڈ آویزاں کئے جائیں۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے ڈائریکٹر ڈرینج کو ہدایت کی کہ روڈ سائیڈ ڈرینزکی اوپننگ بنائیں تاکہ بہتر طریقے سے ڈی سلٹنگ کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ افسران دفاتر میں نہ بیٹھیں بلکہ فیلڈ میں نظر آنے چاہئیں، صرف تصاویر نہیں بلکہ فیلڈ میں کام ہوتا نظر آئے۔اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز ثاقب رضا،اکرام اللہ، ڈائریکٹرز کنسٹرکشن ڈاکٹر عثمان لطیف، علی احمد، ڈائریکٹرز آپریشنز مخدوم بابر، فاروق نجیب، ڈائریکٹر ڈرینج فرحان اکرم سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں