ایم ڈی واسا کا مرکزی امام بارگاہ کا دورہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے محرم الحرام کے جلوسوں کے تمام روٹس کلیئر کرنے کا حکم جاری کیا ہے جبکہ یہ بھی واضح کیا کہ روٹس پر کوئی بھی مین ہول مسنگ نہیں ہونا چاہئے ۔ مرکزی امام بارگاہ کے دورہ سمیت دیگر مختلف روٹس کا جائزہ لینے کے دوران انہوں نے کہا کہ یکم محرم الحرام سے قبل جلوسوں اور مجالس کے تمام روٹس مکمل طور پر کلیئر ہونے چاہئے اور کسی بھی سڑک پر سیوریج کا پانی نظر نہ آئے، اسی طرح جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر جانے والے روڈز ، سڑکوں کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے تاکہ سیوریج کا کوئی مسئلہ سامنے نہ آ سکے۔ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے مرکزی امام بارگاہ دھوبی گھاٹ کی انتظامیہ جعفر شاہ و دیگر سے ملاقات بھی کیا اور ان سے محرم الحرام کے دوران کئے گئے انتظامات بارے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عشرہ محرم الحرام کے دوران دھوبی گھاٹ گرائونڈ کے اندر ایک ڈی واٹرنگ سیٹ ہر وقت موجود رکھنے ایک ڈی واٹرنگ سیٹ نڑوالا چوک میں آپریشنل رکھنے کی ہدایت کی جبکہ دھوبی گرائونڈ اور مرکزی امام بارگاہ سے ملحقہ روڈ سائیڈ ڈرینز کی ڈی سلٹنگ اور صفائی بھی یکم محرم سے قبل مکمل کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عاشورہ محرم کے دوران عزاداروں کو نکاسی اور فراہمی آب کے معیاری سروسز مہیا کریں گے جبکہ صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے واٹر ٹینکر بھی دھوبی گھاٹ گرائونڈ کے باہر دستیاب رکھا جائے گا ۔ انہوں نے اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سروسز اکرام اللہ چوہدری ، ڈائریکٹر آپریشنز مخدوم بابر ، ڈپٹی ڈائریکٹر حسن مصطفی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹربابر لطیف کمبوہ و دیگر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں