واجبات ادا نہ کرنے پر 2 ہائوسنگ سکیموں کے دفاتر سیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر نادہندہ ہائوسنگ سکیموں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے واجبات ادا نہ کرنے پر دو ہائوسنگ سکیموں کے دفاتر کو سر بمہر کر دیا اور ڈیویلپر سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجبات فوری طور پر ادا کریں بصورت دیگر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ایف ڈی اے کی طرف سے مختلف ہائوسنگ سکیموں کے نادہندہ ڈویلپرز کو بقایا جات ادا کرنے سے متعلق بار بار نوٹسز جاری کئے گئے ہیں لیکن بعض ڈویلپرز نے تعمیل نہیں کی جس پر ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ افیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے واجبات کی عدم ادائیگی پر ڈھڈی والا راجباہ جڑانوالہ روڈ کے قریب دو ہائوسنگ سکیموں کینال ایوینیو اور زمزم ہائوسنگ کے دفاتر کو سر بمہر کر دیا اور ان کے ڈویلپرز کو فوری طور پر بقایا جات ادا کرنے کی وارننگ دی گئی ہے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ ہائوسنگ سکیموں کے قیام کے لئے باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے اور غیر قانونی ڈویلپمنٹ سے گریز کریں بصورت دیگر انہیں بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں