بااثر افراد نے تشدد کرکے محنت کش کو مارڈالا،ملز م نے ASIپر تیزاب پھینک دیا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)معمولی جھگڑے پر با اثر ملزمان کے تشدد سے محنت کش جاں بحق، ٹریفک حادثہ میں موٹر سائیکل سوار چل بسا، بائو والا میں ملزم نے تھانیدار پر تیزاب پھینک کر خود بھی پی لیا، نیشنل ہسپتال کے چیئرمین، ایڈمن آفیسر سمیت 5افراد کیخلاف چوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔تفصیل کے مطابق تھانہ مرید والا کے علاقہ486گ ب کے رہائشی غلام رسول نے بتایا کہ گائوں کے بااثر ملزمان پیراں دتہ وغیرہ نے اس کے بیٹے کامران کو معمولی جھگڑے پر حبس بے جا میں رکھ کر بری طرح تشدد کانشانہ بنایا اور بال کاٹ دیئے ، حالت غیر ہونے پر گھر سے باہر پھینک دیا جسے ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا ، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر قاتلوں کی تلاش شروع کر دی، تھانہ ایئر پورٹ کے علاقہ 232ر۔ب کا رہائشی 19سالہ زین موٹر سائیکل پر رسالہ والا روڈ پر شیخاں والا پھاٹک کی طرف جا رہا تھا کہ تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے کچل دیا اور زین موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر کے حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے، تھانہ جھنگ بازار کا اے ایس آئی غلام نبی کو 15پر لڑائی جھگڑے کی کال پر220ر۔ب بائو والا میں پہنچا تو وہاں پر ملزم آصف عرف چاند نے اس پر تیزاب سے بھری بوتل انڈیل دی اور باقی تیزاب خود بھی پی لیا، تھانیدار غلام نبی کی آنکھ متاثر ہوئی ۔تھانیدار اور ملزم کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔جبکہ گلبرگ پولیس نے نیشنل ہسپتال جناح کالونی کی انتظامیہ طلحہ صیام کی درخواست پر ہسپتال سے آلات جراحی اور دیگر سامان چوری کرنے کے الزام میں چیئرمین نیشنل ہسپتال میاں ذوالفقار’ ایڈمن آفیسر احمد بٹ اور 51 سکیورٹی گارڈ کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں مدینہ ٹائون کے ارشد سے اس کے واقف کار ملزم نعیم نے کاروبار کیلئے 22لاکھ کی رقم لیکر ہڑپ کر لی۔ مدینہ ٹائون کے شبیر احمد کا کہنا ہے کہ اس سے ملزم اظہر اقبال نے 15لاکھ کا چکن وغیرہ لیکر رقم ادا نہ کی۔ سوساں روڈ کے شہزاد اسلم سے ملزم عاطف نے 10لاکھ’ احمد فراز سے ملزم وقار الحسن نے 10لاکھ’ ملت ٹائون کے علاقہ مانانوالہ کے الطاف کا کہنا ہے کہ اس نے بحرین میں ملازمت کرتے ہوئے واقف کار ملزم کو 10لاکھ کی رقم بھجوائی واپس آیا تو اس نے رقم دینے سے انکاری ہو گیا۔ ڈجکوٹ روڈ کے رہائشی زاہد علی نے بتایا کہ ملزم آصف نے کاروبار کیلئے 25لاکھ کی رقم لیکر بدلے میں چیک دیئے جو کہ بوگس نکلے، پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں