بارشوں سے دریائوں میں سیلاب

لاہور(بیوروچیف) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے بارشوں کے باعث دریاں کے بہائو میں اضافے کا الرٹ جاری کردیا، ستلج اور راوی میں پھر نچلے درجے کے سیلاب آ گئے۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایاکہ دریائے جہلم میں منگلا اپ اسٹریم میں پانی کے بہائو میں اضافے کا امکان ہے جس کے باعث 24گھنٹوں میں منگلا اپ اسٹریم میں درمیانے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا اور راوی میں ہیڈ سدھنائی پر نچلے درجے کے سیلاب آگئے۔ادھر ضلع بہاولپور سے بدترین سیلاب تو گزر گیا لیکن تباہی کے انمٹ نقوش چھوڑ گیا، سیلابی ریلے سے ہزاروں مکانات گر چکے ہیں، لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بر باد ہو گئیں تاہم اب سیلابی پانی میں مچھروں کی بھرمار ہے جو بیماریوں کا سبب بن رہے ہیں۔ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا سے بھی پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے،کچھ نشیبی بستیاں اور علاقے اب تک پانی کی لپیٹ میں ہیں۔نوراجہ بھٹہ بند میں پڑنے والے تمام 7شگاف مکمل بند کر دیے گئے، سیلاب سے متاثر ایم 5 موٹروے 25 ویں روز بھی بند ہے۔اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ موٹروے کا 23 کلو میٹر لمبا ٹریک 13 سے زائد مقامات سے متاثر ہوا ہے، موٹر وے کی بحالی کا کام جلد شروع کیا جائے گا، متبادل راستوں سے ٹریفک چلائی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں