چک جھمرہ (نامہ نگار) حالیہ بارشوں کے سلسلے نے چک جھمرہ میں تباہی مچا دی کئی سینکڑوں ایکڑز زرعی رقبہ زیر آب آگیا کاشتکاروں کی کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی۔ چک جھمرہ تحصیل کی متعدد سڑکوں کے کنارے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کے کناروں کے ساتھ لگائی جانے والی کچی مٹی بارشوں کے پانی کے ساتھ بہہ گئی جس سے سڑکیں ٹوٹنا شروع ہوگئی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کوئی بھی حفاظتی تدابیر سامنے نہیں آئی تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں کے سلسلے سے چک جھمرہ کے متعدد چکوک جن میں 148ر۔ب، 146ر۔ب، 147ر۔ب، 163ر۔ب، 126ر۔ب سمیت درجنوں دیہات کی سینکڑوں ایکڑز زرعی زمین پر پانی کھڑا ہوگیا ان زرعی زمینوں میں کھڑی فصلیں تباہ ہورہی ہے جبکہ سیم زدہ ان زرعی رقبوں سے پانی کا نکاسی کا سسٹم نہ ہونے سے یہ قابل کاشت رقبہ تیزی سے ناقابل کاشت ہو رہا ہے۔ دوسری جانب تحصیل بھر سے متعدد سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہورہی ہیں سڑکوں کے کناروں کے ساتھ لگائی جانے والی مٹی بارشوں کے پانی کے ساتھ بہہ گئی ہے جس سے سڑکوں کے کناروں پر بڑے بڑے شگاف پڑ چکے ہیں اہل علاقہ نیارباب اختیار سے التماس کی ہے کہ تحصیل چک جھمرہ میں سے گزرنے والے سیم نالوں کی بھل صفائی کی جائے تاکہ زرعی زمینوں پر کھڑا ہونے والا اضافی پانی کسی دوسری جگہ منتقل ہوسکے اسی طرح سڑکوں کے کناروں کے ساتھ ساتھ مٹی لگوائی جائے تاکہ یہ ٹوٹتے ہوئے روڈز محفوظ ہوسکیں۔
