باعزت ریٹائر ہونا اللہ تعالیٰ کی طرف سے انعام ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ باعزت ریٹائرمنٹ بڑے اعزاز کی بات ہے جو اللہ تعالی کی طرف سے عظیم انعام ہے۔ انہوں نے یہ بات 37سالہ سروس مکمل کرنے کے بعد ایف ڈی اے سے ریٹائر ہونے سروئیر اسسٹنٹ عاشق حسین کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج،ڈپٹی ڈائریکٹرز راحیل ظفر، اقرا عثمان دیگر افسران اسٹاف کے ارکان تقریب میں موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ریٹائر ہونے والے سروئیر اسسٹنٹ عاشق حسین کو طویل سروس کے بعد باوقار ریٹائرمنٹ پر مبارکباد دی اور ان کی صحت مند زندگی کی دعا کی. انہوں نے کہا کہ محنتی اور دیانتدار ملازمین ادارے کا بہترین اثاثہ ہیں جن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں لہذا تمام ملازمین کو چاہیئے کہ وہ جانفشانی سے سرکاری فرائض انجام دیتے ہوئے سروس ڈیلیوری میں شاندار روایات قائم کریں تاکہ ادارہ کی مزید ترقی اور نیک نامی میں اضافی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین پہلے سے زیادہ قابل احترام ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ ادارہ کی خدمت میں گزارا ہے لہٰذا ان کے لئے ایف ڈی اے کے دفاتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں