باہمی رواداری بھائی چارے سے ہی ایک مستحکم اور پرامن معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے ،ایس پی حافظ امتیاز احمد

جڑانوالہ(نامہ نگار) جڑانوالہ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو برقرار رکھنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ایس پی ڈویژن جڑانوالہ حافظ امتیاز احمد کی زیر صدارت تھانہ ستیانہ اور تھانہ روڈالہ روڈ کے ممبرانِ امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سکیورٹی انچار ج حاجی رانا انصر اور ایس ایچ او تھانہ روڈالہ حافظ احمد عمیر بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران تحصیل بھر کی سکیورٹی صورتحال، باہمی ہم آہنگی اور حساس ایام میں امن و امان کو یقینی بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایس پی حافظ امتیاز احمد نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کیلئے تمام مکاتبِ فکر کے علما کرام اور امن کمیٹی ممبران کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ باہمی رواداری، بھائی چارے، برداشت اور قانون کی پاسداری کے ذریعے ہی ایک مستحکم اور پرامن معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ حساس مواقع اور مذہبی ایام کے دوران انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شرپسند عناصر کے بارے میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا جائے۔ایس پی ڈویژن نے واضح کیا کہ امن خراب کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی تحصیل کے امن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اجلاس کے اختتام پر امن کمیٹی کے ممبران نے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ تھانہ ستیانہ اور تھانہ روڈالہ روڈ کے علاقوں میں امن، محبت اور بھائی چارے کی فضا ہر صورت برقرار رکھی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں