برانچ لیس بینکنگ صارفین کی تعداد ساڑھے9کروڑ ہوگئی

کراچی(بیوروچیف) پاکستان میں ڈیجیٹل بینکنگ اور آن لائن ادائیگیوں کے رجحان میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری مالی سال کی تیسری سہ ماہی کی ادائیگیوں کے نظام سے متعلق رپورٹ کے مطابق ملک میں برانچ لیس بینکنگ موبائل ایپ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد بڑھ کر 9کروڑ 58لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔اعلامیے کے مطابق بینکنگ موبائل ایپس کے صارفین کی تعداد 2کروڑ 89لاکھ جبکہ انٹرنیٹ بینکنگ استعمال کرنے والوں کی تعداد ایک کروڑ 62لاکھ ہو گئی ہے، جو ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیاں وصول کرنے والی دکانوں کی تعداد بھی بڑھ کر 25لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جس سے کیش لیس معیشت کے فروغ میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران صارفین نے تقریباً 43کروڑ 50لاکھ آن لائن خریداریوں پر 470ارب روپے خرچ کیے۔اسی عرصے میں مختلف ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے تقریباً ساڑھے 3ارب مالیاتی لین دین کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت 68 ہزار 300 ارب روپے رہی۔اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ یہ اعدادوشمار پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے تیزی سے فروغ، جدید مالیاتی سہولیات کے بڑھتے استعمال اور عوام کے بدلتے مالیاتی رجحانات کی عکاسی کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں