بچوں کی بحالی اور تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے

سرگودہا ( بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس ملک صہیب احمد بھرتھ اور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ سرگودھا کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو صوبہ پنجاب میں بچوں کے تحفظ کے لیے ایک مؤثر اور فعال ادارے کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے سرگودھا میں چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کے قیام پر چیئرپرسن سارہ احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں بیورو نے بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے نمایاں اقدامات کیے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب بچوں کے تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے اور بچوں کے لیے محفوظ، پْرامن اور باوقار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو حکومت پنجاب کی مکمل سپورٹ حاصل ہے اور اس ادارے کے ذریعے استحصال، بدسلوکی اور تشدد کا شکار بچوں کی بحالی اور تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مکمل سپورٹ سے سرگودھا میں چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کا باقاعدہ آغاز ممکن ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ اس انسٹیٹیوٹ میں بے سہارا، لاوارث اور استحصال کا شکار بچوں کو رہائشی سہولیات کے ساتھ قانونی معاونت اور نفسیاتی کونسلنگ فراہم کی جائے گی، جبکہ یہاں 100 بچوں کے لیے رہائشی سہولیات کی گنجائش موجود ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں