بھائی پر فائرنگ کا سن کر بہن چل بسی،ورثاء کا احتجاج

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) بھائی پر فائرنگ کا سن کر بہن چل بسی، ورثا کا احتجاج، ڈنگہ پھاٹک پر لاش رکھ کر ٹریفک بلاک کر دی، ملزم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ۔ تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے ڈنگہ پھاٹک کے قریب فائرنگ اور مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے 30/32سالہ خاتون کی موت کے بعد ورثا اور اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے لاش سڑک پر رکھ کر ٹریفک بلاک کر دی اور ملزم کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔تفصیلات کے مطابق گائوں 245 عباس پور کا رہائشی منگی ولد اختر گائوں کے گرانڈ میں کھیل رہا تھا کہ اسی دوران عرفان لوہار نے اس پر فائرنگ کر دی۔ خوش قسمتی سے منگی محفوظ رہا، تاہم واقعے کی اطلاع ملنے پر اس کی بہن دولاں بی بی کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔مظاہرین نے احتجاج کے دوران ٹریکٹر ٹرالی سڑک پر کھڑی کر دی جس کے باعث ٹریفک مکمل طور پر معطل ہو گئی, اطلاع ملتے ہی انچارج چوکی سبزی منڈی میاں اعجاز نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور حالات کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔ذرائع کے مطابق چند روز قبل منگی اور عرفان کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی تھی جس کے بعد یہ واقعہ رونما ہوا۔پولیس نے ملزمان کی جلد گرفتاری کا یقین دلایا تو ورثا نے احتجاج ختم کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں