بھکاری مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کرنیکا فیصلہ

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈائون کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انسداد گداگری کے قانون میں ترامیم پنجاب اسمبلی میں پیش کر دی ہیں۔نئے قانون کے مطابق، پنجاب میں بھیک مانگنے کو ناقابل ضمانت جرم قرار دے دیا گیا ہے۔ کسی ایک شخص سے بھیک منگوانے والے سرغنہ کو تین سال قید، تین لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جائیں گی۔ جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید چھ ماہ کی قید کی سزا ہو گی۔اسی طرح، ایک سے زائد افراد سے بھیک منگوانے والے کو تین سے پانچ سال قید اور پانچ لاکھ تک جرمانہ کی سزا دی جائے گی، جبکہ بچوں سے بھیک منگوانے والے سرغنہ کو پانچ سے سات سال قید اور سات لاکھ تک جرمانہ ہوگا۔ جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید ایک سال قید کی سزا دی جائے گی۔اگر کسی کو جبری معذور کر کے بھیک منگوانے کا جرم کیا جائے گا تو اس شخص کو سات سے دس سال قید اور بیس لاکھ تک جرمانہ کیا جائے گا۔ جرمانے کی عدم ادائیگی پر گینگ کے سرغنہ کو مزید دو سال قید کی سزا ہو گی۔اسکے علاوہ، اگر کسی شخص نے ایک بار سزا پانے کے بعد دوبارہ یہی جرم کیا تو اسے آرڈیننس میں دی گئی سزا سے دوگنا سزا اور جرمانہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں