بیوی کو قتل کرنے والا آلہ قتل سمیت گرفتار

صوابی(نامہ نگار)تھانہ صوابی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اپنی بیوی کو قتل کرنے والے ملزم کو آلہ قتل پستول سمیت جبکہ تھانہ زیدہ پولیس نے محمد سلیم سکنہ ٹھنڈ کوئی جو کہ نشے کا عادی تھا کے اندھے قتل کو ٹریس کرکے ملزم بنیامین کو آلہ قتل کلاشنکوف سمیت گرفتارکرلیا، ملزم نے ذاتی رنجش پر مقتول کو قتل کر دیا تھا ۔محمد اسلام سکنہ ضلع بونیر نے تھانہ صوابی میں رپورٹ درج کراتے ہوئے بیان دیا کہ عرصہ دراز سے اس کی مقتولہ بہن(ش)اور اس کے شوہر زیبار خان ساکن صوابی کے درمیان گھریلو ناچاقی چل رہی تھی۔ اکثر اوقات لڑائی جھگڑے کے بعد وہ میکے چلی آتی تھی۔ مدعی کو اطلاع دی گئی کہ اس کی بہن خون میں لت پت مردہ حالت میں پڑی ہوئی ہے۔ معلوم ہوا کہ مسما (ش) کو اس کے خاوند زیبار خان نے اسلحہ آتشیں سے فائر کرکے قتل کر دیا ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او سرکل صوابی محمد نعمان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ صوابی عجب درانی نے بروقت اور مثر کارروائی کرتے ہوئے ایک ہی دن کے اندر ملزم کو آلہ قتل پستول سمیت گرفتار کر لیا۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں