تربیتی کورسز پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہیں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)واپڈا انجینئرنگ اکیڈمی فیصل آباد میں سینئر انجینئرز (ڈسٹری بیوشن / ٹرانسمیشن اینڈ جنریشن) کے لیے منعقدہ 57و یں (پری پروموشن)ٹیکنیکل ریفریشر کورس کی اختتامی تقریب نہایت وقار اور جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی۔ یہ کورس چھ ہفتوں پرمحیط تھا جو کہ 24نومبر2025 سے20 جنوری 2026 تک جاری رہا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) انجینئر محمد عامر تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں واپڈا انجینئرنگ اکیڈمی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے تربیتی کورسز نہ صرف انجینئرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ بجلی کے شعبے میں بہتری اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے بھی کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔انھوں نے کور س کے شرکا کو اپنے فرائض کی ادائیگی ایماندار ی سے ادا کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہونا چاہئے کیونکہ ایک مطمئن صارف ہی پاور سیکٹر کی بہترین کارکردگی کا عکاس ہے ۔ انہوں نے کامیاب شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ انجینئرز فیلڈ میں اپنی خدمات کو مزید مؤثر بنائیں گے۔اس موقع پر چیف انجینئر / پرنسپل واپڈا انجینئرنگ اکیڈمی فیصل آباد، انجینئر مرتضیٰ نے خطاب کرتے ہوئے اکیڈمی کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اکیڈمی ملک بھر سے آنے والے انجینئرز کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کر رہی ہے تاکہ بجلی کے نظام کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔کورس کے ڈائریکٹر محبوب فرید نے کورس رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس تربیتی پروگرام میں تکنیکی، انتظامی اور پیشہ ورانہ موضوعات پر جامع لیکچرز، عملی مشقیں اور کیس اسٹڈیز شامل تھیں۔ جبکہ ڈپٹی کورس ڈائریکٹر راشد محمود نے شرکاء کی کارکردگی، نظم و ضبط اور سیکھنے کے جذبے کو سراہا۔بعدازاں انھوں نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کور س میں سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کے عبدالستار چنہ نے پہلی، اسلام اباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد سلیم نے دوسری جبکہ آئیسکو کے ہی ایڈیشنل پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد اصغر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب میں ڈی جی میراڈ فیسکو عابد رشیدبھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں