تشہیری بورڈز کی تنصیب ،عبداللہ پور اوور ہیڈ برج سکیورٹی رسک بن گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جڑانوالہ روڈ عبداﷲ پور چوک میں پیدل چلنے والوں کیلئے اوورہیڈ برج سکیورٹی رسک بن گیا، پی ایچ اے کے افسران نے اوورہیڈبرج کے دونوں اطراف تشہیری بورڈ لگا کر ڈھانپ دیا، نشہ کے عادی افراد نے ڈیرے ڈال لئے، وہاں سے گزرنے والی طالبات وخواتین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ اوورہیڈبرج سے تشہیری بورڈ ہٹائے جائیں تاکہ وہاں سے گزرنے والی طالبات اور خواتین کی آمدورفت نظر آ سکے۔ تفصیل کے مطابق جڑانوالہ روڈ پر عبداﷲ پور آبشار کیساتھ بچیوں کا سکول ہے جہاں پر ٹریفک زیادہ ہونے کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ نے پیدل چلنے والوں کیلئے اوورہیڈبرج بنایا تاکہ طالبات اور خواتین اس اوورہیڈبرج سے گزر کر دوسری طرف آ جا سکیں جبکہ پی ایچ اے نے اوورہیڈبرج کے دونوں اطراف بڑے بڑے اشتہاری بورڈ لگا کر بند کر دیا جس کے باعث نشہ کے عادی افراد نے وہاں پر ڈیرے ڈال رکھے ہیں بعض اوباش نوجوان اوورہیڈبرج پر طالبات اور خواتین کو ہراساں کرتے ہیں وہ کیمرہ کی آنکھ سمیت شہریوں کی نظروں سے بھی اوجھل رہتے ہیں جسکی وجہ سے اوورہیڈبرج سے گزرنے والی طالبات اور خواتین شدید پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اوورہیڈبرج کے دونوں اطراف فوری طور پر تشہیری بورڈ ہٹائے جائیں اور نشہ کے عادی افراد اور جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں