تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں،کمشنر سرگودھا

سرگودھا (بیوروچیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت روڈ سیکٹر کی جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈو یلپمنٹ بلال حسن، چاروں اضلاع کے ایکسین ہائی ویز اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے شرکت کی۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ایکسین ہائی ویز نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اور نئی سکیموں، روڈ بحالی پروگرام، پی ایس ڈی پی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے نئے روڈ پروگرام ”سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال” پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں ہر سکیم پر اب تک استعمال ہونے والے فنڈز، جاری کام کی رفتار، درکار فنڈز اور فزیکل پروگریس سے متعلق اعداد و شمار پیش کیے گئے۔ کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے واضح کیا کہ کسی بھی سکیم میں تاخیر، ناقص کام یا فنڈز کے غیر مؤثر استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام جاری سکیموں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور دستیاب فنڈز کا سو فیصد شفاف اور بروقت استعمال یقینی بنایا جائے۔ کمشنر نے ایکسین ہائی ویز سے ہر سکیم کی فزیکل اور فنانشل پوزیشن الگ الگ طلب کی اور ہدایت کی کہ جہاں فنڈز کی کمی یا دیگر رکاوٹیں درپیش ہیں وہاں فوری طور پر کیس مکمل کر کے متعلقہ فورم کو ارسال کیا جائے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ محکمہ ہائی ویز کو مکمل طور پر ورکنگ میں ہونا چاہیے، نئی سکیموں کی بروقت نشاندہی کی جائے اور جن سکیموں میں اراضی، کلیئرنس یا دیگر انتظامی مسائل درپیش ہیں ان کی واضح نشاندہی کر کے فوری کوآرڈینیشن کی جائے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ جن سکیموں کے ٹینڈرز ہو چکے ہیں ان پر بلا تاخیر کام شروع کیا جائے اور جہاں کسی نوعیت کا مسئلہ ہو وہاں فوری طور پرکوآرڈینیشن گروپ تشکیل دے کر مسائل کو حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بحالی حکومتِ پنجاب کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی قبول نہیں کی جائے گی۔ کمشنر سرگودھا نے مزید ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے، فیلڈ وزٹس بڑھائے جائیں اور پیشرفت رپورٹس مقررہ وقت پر جمع کروائی جائیں تاکہ جاری اور نئی سکیمیں بروقت مکمل ہو سکیں اور عوام کو براہ راست ریلیف ملے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں