تہرے قتل میں ملوث 6 ملزمان جیل منتقل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انسداددہشت گردی کی عدالت نے تھانہ صدر تاندلیانوالہ کی حوالات میں تین بھائیوں کے قتل اور چوتھے کو زخمی کرنے والے چھ ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ جیل بھیجے جانیوالے ملزمان میں ہیڈ کانسٹیبل بھی شامل ہے۔ تھانہ صدر تاندلیانوالہ کی حوالات میں باپ بیٹے کے قتل میں بند تین بھائیوں کو مخالفین نے قتل جبکہ چوتھے کوزخمی کردیا تھا جس کے بعد پولیس نے واقعہ میں ملوث ہیڈ کانسٹیبل ریاض کھرل سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کیا تھا جنکا پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت سے جسمانی ریمانڈ لیا ہواتھا۔ ملزمان کو مقدمہ کے تفتیشی افسر نے عدالت میں پیش کرتے ہوئے انکا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی، انسداد دہشت گردی کی عدالت کے سپیشل جج جاوید اقبال شیخ نے تفتیشی آفیسر کی مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو 14روز کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے جبکہ پولیس نے تمام ملزمان کو جیل میں بند کروادیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں