جدید ترین مدینہ ٹیچنگ ہسپتال کا قیام اور سہولتوں کی فراہمی لائق تحسین ہے،وزیر مملکت مختار احمد بھرتھ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)مدینہ ٹیچنگ ہسپتا ل جیسے جدید ترین ہسپتال کا قیام اور یہاں علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی لائق تحسین ہے۔ میری خواہش ہے کہ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے پیٹرن ان چیف میاں محمد حنیف ملک کے ہیلتھ سسٹم کی بہتری کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں۔ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آبادکے گیارھویں کانووکیشن کے موقع پر وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ کا اظہار خیال۔ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی گیارھویں پروقار جلسہ تقسیم اسناد کا انعقاد دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے علی آڈیٹوریم میں ہوا جہاں گورنر پنجاب کی نامزدگی پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز محمد حیدر امین نے تقریب کی صدارت کی۔وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ مہمان خصوصی تھے جبکہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہورکی رجسٹرار مس کرن فاطمہ مہمان اعزاز تھیں۔ڈاکٹر ملک مختار احمدنے نئے ڈاکٹرز کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں طب کے پیشے کے ذریعے دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کی نصیحت کی۔انکا کہنا تھا کے وہ ان تمام والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کو اس قابل بنایا کے وہ انسانیت کی خدمت کے عزم سے سرشار ہو کر اپنے فرائض سرانجام دینے کیلئے عملی زندگی میں داخل ہور ہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ ہمارے باصلاحیت ڈاکٹرز بیرون ممالک جا کر بھی خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے نئے ڈاکٹرز کو ںصحت کی کہ وہ اپنے مریضوں کے ساتھ ہمیشہ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آئیں ۔ مریض کی صحت یابی کیلئے خوش اخلاقی اور ہمدری کا اثر ادویات سے بھی بڑھ کر ہوتا ہے۔ ہمارا دین اسلام بھی ہمیں اچھے اخلاق کا درس دیتا ہے۔ ڈاکٹر ملک مختار احمد نے مزید کہا کہ مدینہ ٹیچنگ ہسپتال جیسے جدید ترین ہسپتال کا قیام اور یہاں علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی لائق تحسین ہے ۔ میری خواہش ہے کہ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے پیٹرن ان چیف میاں محمد حنیف ملک کے ہیلتھ سسٹم کی بہتری کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں۔وائس چیئر مین بورڈ آف گورنرز محمد حمزہ امین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نے دو دہائیوں سے زائد عرصے کے دوران ملک کو اعلی میڈیکل پروفیشنلز فراہم کئے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی ملک و وقوم کی خدمت کے جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔ انہوں نے فارغ التحصیل ہونے والی ڈاکٹرز کو مستقبل میں مزید کامیابیاں سمیٹنے کی دعا دی اور نصیحت کی کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اولین فرض سمجھ کر ادا کریں۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اکرم ملک نے گریجوایٹس کے بہترین مستقبل کے لیئے نیک تمنا ں کا اظہار کیا۔ انہوں نے فیکلٹی ممبران اور مینجمنٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسی عزم سے ادارے کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی امید ظاہر کی۔پرنسپل ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر ارسلان واحد نے کانووکیشن میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاس ہونے والی ڈینٹل ڈاکٹرز کو مبارکباد دی اور انکی محنت اور قابلیت سے دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کی تاکید کی ۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی رجسٹرار مس کرن فاطمہ نے نئی ڈاکٹرز سے اپنے پیشے اور ذمہ داریوں سے مخلص رہنے اور انسانیت کی خدمت کا حلف لیا ۔ ان کے علاوہ وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شرزا ندیم ، یونیورسٹی کی رجسٹرار ڈاکٹر زاہدہ مقبول سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہ اور فیکلٹی ممبران اور گرایجوایٹس کے والدین بھی تقریب کا حصہ تھے۔قبل ازیں، ڈاکٹر ملک مختار احمد نے کالج سے ملحقہ مدینہ ٹیچنگ ہسپتال میں جدید ترین موڈیولرآپریشن تھیٹرز کا افتتاح کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں اور لیبارٹریوں کا وزٹ کیا اور یہاں کے جدید ترین انفراسٹرکچر اور فراہم کی جانے والی اعلی معیار کی طبی سہولتوں پرہسپتال مینجمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے یونیورسٹی لائبریری اوریہاں سلامی گیلری کا دورہ کیا ۔ انہوں نے یہاں رکھے ہوئے نوادرات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ کالج کے گیارھویں کانوکیشن کے موقع پر ایم بی بی ایس کا 18 واں اور بی ڈی ایس کا 14 واں بیچ پاس آئوٹ ہورہا ہے۔اس کانووکیشن کے دوران مجموعی طور پر 176 میڈیکل گریجوایٹس میں اسناد تقسیم کی گئیں جن میں ایم بی بی ایس کی 135 اور بی ڈی ایس کی 41 طالبات شامل ہیں۔ 11 طالبات نے سلیم گولڈ میڈل ، 9 طالبات نے مختار سلور میڈل جبکہ 107 طالبات نے امین برونز میڈل وصول کئے ۔ ایم بی بی ایس کی طالبہ کنوز چیمہ جبکہ بی ڈی ایس کی بدر رزاق نے تعلیمی کئیریر میں امتیازی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر بہترین گریجوایٹس کا اعزاز حاصل کیا۔اس موقع پر نئے ڈاکٹرز کے والدین کے چہروں پر خوشی او ر مسرت کے جذبات دیدنی تھے۔ وزیر مملکت ڈاکٹر ملک مختار احمد نے یونیورسٹی لان میں یادگاری پودا بھی لگایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں