جعلی،فینسی،غیر نمونہ،بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن

لاہور (بیوروچیف) سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے غیر نمونہ، فینسی، جعلی اور بغیر نمبر پلیٹس والی وہیکلز کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلے 3روزہ آگاہی مہم کا حکم جاری کر دیا،27جون بروز جمعہ سے جعلی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کیخلاف مقدمات درج ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تین روز تک غیر نمونہ نمبر پلیٹس گاڑیوں کو وارننگ دی جائے گی، کریک ڈائون سے پہلے وارننگ دینے کا مقصد شہریوں تک آگاہی پیغام کو پہنچانا ہے، جعلی نمبر پلیٹس مینوفیکچررز کے خلاف بھی سخت کارروائی کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ ای چالان سے بچنے کے لئے شہری نمبر پلیٹ میں ردوبدل نہ کریں ورنہ ان کے خلاف مقدمہ بھی درج ہو سکتا ہے ،سرکل افسران اور ٹریفک ایجوکیشن کی ٹیم مختلف سڑکوں اور چوکوں میں آگاہی مہم دیں گے۔ جعلی، بوگس اور نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر چالان کی بجائے مقدمہ درج ہوگا، نمبر پلیٹس پر ٹیمپرنگ، جعلی اور واضح نمبر نہ ہونے پر کوئی عذر قبول نہیں، ایسی تمام وہیکلز جن پر نمبر پلیٹس ایکسائز کے نمونے کے مطابق لگی ہیں صرف وہ کارروائی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں