جنرل اسمبلی اجلاس’ شہباز شریف کے خطاب پر نظر یں مرکوز

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف آج سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے80ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، دیگر وزرا اور سینیئر حکام بھی ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی، اسلامو فوبیا اور پائیدار ترقی سمیت علاقائی صورتحال اور دوسرے بین الاقوامی امور پر پاکستان کے نقطہ نظر پر روشنی ڈالیں گے۔دوسری جانب وزیر خارجہ اسحاق ڈار جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطح سیشن میں شرکت کے لیے آج نیویارک پہنچ گئے ہیں۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس 22 سے 26 ستمبر تک جاری رہے گا۔ وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق وزیراعظم عالمی برادری پر زور دیں گے کہ انڈیا کے غیرقانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات اور حق خودارادیت دینے سے انکار سے پیدا ہونے والی صورتحال کا حل نکالیں۔وزیراعظم شہباز شریف علاقائی اور عالمی مسائل پر مسلم ممالک کے مخصوص رہنمائوں کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔اس کے علاوہ وزیراعظم مختلف عالمی رہنمائوں اور اقوام متحدہ کے اعلی حکام سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔وہ اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے اقوام متحدہ کے منشور پر عملدرآمد، جنگوں سے بچا، قیام امن اور عالمی ترقی کے لیے بطور رکن سلامتی کونسل پاکستان کے حالیہ اقدامات کے مطابق کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کریں گے۔ وزیراعظم متعدد اعلیٰ سطح کے تقریبات میں بھی شریک ہوں گے جن میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو اور ماحولیاتی اقدامات پر خصوصی اجلاس شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں