فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جڑانوالہ روڈ 209 پھاٹک کے قریب میگا پراجیکٹ میٹروبس کے تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا گیا’ فیصل آباد سے جانیوالی ہیوی ٹریفک کو مکوآنہ بائی پاس سے کھرڑیانوالہ اور خانوآنہ بائی پاس ستیانہ روڈ سے فیصل آباد داخل کیا جائے گا۔ جبکہ چھوٹی گاڑیاں اور وہیکلز سیدھے روٹ کے مطابق چلیں گی۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری کے بعد فیصل آباد میں 80ارب کی لاگت سے میٹروبس کے میگا منصوبے کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے جسکی لمبائی 20کلومیٹر سے زائد ہے اور میٹروبس سروس کیلئے 21 اسٹیشن تعمیر کئے جائیں گے۔ قبل ازیں جھنگ روڈ پر منصوبے کا آغاز کیا گیا تھا۔ سڑک کے درمیان میں بجلی کے پول ختم کر کے ایک سائیڈ کو بند کیا گیا اور دوسری سائیڈ پر ٹریفک کو گزارا جا رہا ہے اور گزشتہ روز جڑانوالہ روڈ پر 209 پھاٹک کے قریب سے بھی میٹروبس سروس منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا اور منصوبے کی تعمیر کے دوران ٹریفک پولیس نے ٹریفک کے بہائو کو برقرار رکھنے کیلئے ہیوی ٹریفک کو متبادل روٹ دیا گیا ہے۔ جس کے مطابق فیصل آباد سے جڑانوالہ کی جانب جانیوالی ہیوی ٹریفک کو مکوآنہ بائی پاس سے کھرڑیانوالہ ستیانہ روڈ خانوآنہ بائی پاس سے ہو کر فیصل آباد میں داخل ہو گی جبکہ چھوٹی گاڑیوں اور دیگر وہیکلز کو جڑانوالہ روڈ ایک سائیڈ سے گزارا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے مذکورہ منصوبے کو 18ماہ میں تکمیل کا ٹارگٹ دیا گیا ہے جس کے تحت جڑانوالہ روڈ اور جھنگ روڈ پر منصوبے کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔




