جھنگ روڈ پر بنے سپیڈ بریکر سے حادثات میں اضافہ،ریفلیکٹرز لگانے کا مطالبہ

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) جھنگ روڈ پر بنے سپیڈ بریکر حادثات کا سبب، شہریوں کا فوری ریفلیکٹر لگانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق جھنگ روڈ پر بنائے گئے نئے سپیڈ بریکر رات کے اندھیرے میں واضح نہ ہونے کے باعث حادثات کا بنیادی سبب بنتے جا رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ اقبال اسٹیڈیم میں ہونے والے کرکٹ میچ کے سلسلے میں کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے پیشِ نظر جھنگ روڈ سے سپیڈ بریکر ختم کر دیے گئے تھے، مگر اب انہیں دوبارہ تعمیر کر دیا گیا ہے۔شہریوں کے مطابق یہ سپیڈ بریکر بغیر ریفلیکٹر کے بنائے گئے ہیں، جس کے باعث تیز رفتار گاڑیاں اچانک سامنے آنے والے ان قاتل جمپس سے ٹکرا کر حادثات کا شکار ہو رہی ہیں۔ ڈرائیورز کیلئے بروقت بریک لگانا انتہائی مشکل ہوتا ہے، جبکہ موٹر سائیکل سوار اکثر شدید زخمی ہو جاتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جہاں ایک طرف ہیلمٹ کے استعمال پر زور دیا جا رہا ہے، وہیں دوسری جانب خطرناک سپیڈ بریکرز پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی، جو انسانی جانوں کیلئے بڑا رسک بن چکے ہیں۔ناقض منصوبہ بندی اور بغیر معیار کے تعمیر کردہ سپیڈ بریکرز سے حکومتی خزانے پر بھی بوجھ ڈالا گیا ہے۔ شہری محمد اسلم بٹ، بشارت علی، رانا شاہد مقرب، میاں ندیم شہزاد، زاہد رشید بسرا، ملک طارق، چوہدری گلزار حسین، رانا خلیل احمد، چوہدری یوسف گجر، زاہد وقاص و دیگر نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر جھنگ روڈ پر ریفلیکٹر والے معیاری سپیڈ بریکر تعمیر کیے جائیں، تاکہ آئے روز کے حادثات کا سلسلہ ختم ہو اور شہری محفوظ طریقے سے سفر کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں