حضرت عثمان غنی کی دینی خدمات قابل فخر ہیں

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر) حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ کا دور خلافت بے مثال اصلاحات کا مجموعہ ہے۔اسلامی تاریخ تاقیامت آپ رضی اللہ عنہ کی خدمات پر فخر کرتی رہے گی۔ اسلام کی ترقی اور ترویج و اشاعت کے لیے آپ رضی اللہ عنہ کی خدمات گراں قدر ہیں ۔ مسلما نو ں کو باہمی اختلافات سے بچانے کی خاطر آپ رضی اللہ عنہ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر و ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیرمیاں محمد آصف رضا قادری نے حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ کے یوم شہادت کے سلسلہ میں منعقد ہ ” عظمت و شان سیدنا حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ سیمینار ”سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ کی حیات طیبہ عام آدمی سے لیکر حکمرانوں تک سب کے لیے مشعل راہ ہے۔ صحابہ کرام و اہلبیت کی سیرت کا مطالعہ کرنے سے انسان میں شعور پیدا ہوتا ہے۔سیرت سیدنا حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ کی پیروی کرتے ہوئے مسلمانوں میں اتحاد کی فضا ء قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کی زندگی ایثار، سخاوت اور حیا کا عملی نمونہ تھی۔وسعت اسلام اور مسلمانوں کی خیر خواہی کے لیے آپ رضی اللہ عنہ نے اپنا سارا مال قربان کردیا۔معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے آپ رضی اللہ عنہ کی تعلیمات سے بہرہ ور ہونا ہوگا۔ خلفائے راشدین کی سیرت طیبہ سے ہر مسلمان کو آشنا ہونے کی ضرورت ہے۔ تقریب کے آخر میں ملکی ترقی سلامتی و استحکام اور ملکی معاشی مشکلات کے جلد حل کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔ اس موقع پر ڈویثرنل جنرل سیکرٹری حافظ محمد یاسر قادری والمدنی، میاں محمد فیاض قادری، میاں عادل قادری، حافظ احمد رضا چشتی ،محمد رمضان قادری،رضا حسین جٹ، محمد عرفان قادری، حافظ فیض رسول , اسامہ بھٹی ودیگر بھی موجودتھے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں