حکومت اقلیتوں کی فلاح وبہبود کیلئے کوشاں ہے’ رمیش سنگھ اروڑا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور ڈویژنل ماڈل کالج کے ہال میں اقلیتی برداری سے تعلق رکھنے والے 126ہونہار طالب علموں میں 75لاکھ 60ہزار روپے کے سکالرشپ چیکس تقسیم کئے۔رکن صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل،راجہ عبداللہ اشفاق سرور،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مدثر ممتاز،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم،نائب صدر مینارٹی ایڈوائزری کونسل پنجاب کامران بھٹی،بشپ ڈیوڈ عمانوئیل،پرنسپل ڈی ایم سی مرزا یاسین اور اقلیتی برادری کے نمائندگان بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہونہار و ذہین طالب علم ملک کے انمول ہیرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت اقلیتوں کی تعلیمی اور سماجی ترقی کے لئے ہمیشہ کوشاں ہے اورمریم نواز شریف کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سکالرشپ کی تعداد اور فنڈز کی رقم دگنی کر دی گئی۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی مشکلات کے شکار طالب علم کے لئے سکالرشپ کی تعداد آئندہ سال1 ہزار سے بڑھا کر2 ہزار کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پہلی مرتبہ غریب خاندانوں کے لئے ایک لاکھ مینارٹی کارڈز تقسیم کئے گئے اورمینارٹی کارڈز کے حامل 1لاکھ خاندانوں میں سے 85ہزار خاندانوں کا تعلق مسیحی برادری سے ہے جبکہ مسیحی برادری کے85ہزار خاندانوں میں سے 20ہزار خاندانوں کی سربراہ خواتین ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو ایمپاور کرناوزیراعلیٰ کا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے اقلیتوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اقدامات جاری ہیں۔سول سروسز اکیڈمی کے تعاون سے اقلیتی برادری کے نوجوانوں کو سی ایس ایس کے امتحانات کی تیاری کرانے کا آغاز کیا گیا ہے۔ پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا،قوم افواج کیساتھ کھڑی تھی،ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ امریکہ ایران جنگ میں بھی پاکستان نے امن کا کردار ادا کیا۔ وطن پر قربان ہونے والے شہدا کو بھی عقیدت کے پھول پیش کرتے ہیں۔ سب نے مل کر پاکستان کی ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں