حکومت کا روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا دائرہ کار وسیع کرنیکا فیصلہ

لاہور (بیورو چیف)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومتِ پاکستان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (آر ڈی اے ) کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت غیر ملکی شہریوں، کمپنیوں اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو روشن ڈیجیٹل اور حکومتی سکیورٹیز سمیت نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کی اجازت ہوگی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے گزشتہ روز جاری بیان کے مطابق یہ اقدام مالیاتی منڈیوں سے روابط بڑھانے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کا مظہر ہے،بیان کے مطابق تقریباً 1 کروڑ 10 لاکھ پاکستانیوں پر مشتمل بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی دنیا کی بڑی اور متحرک کمیونٹیز میں شامل ہے۔ مشرق وسطی، یورپ، شمالی امریکہ اور مشرق بعید میں مقیم پاکستانی، میزبان معیشتوں میں کردار ادا کرتے ہوئے وطن میں اپنے خاندانوں اور کمیونٹیز کی مدد کر رہے ہیں۔ سمندر پار پاکستانی نہ صرف ملکی معیشت کی مضبوطی کا ذریعہ ہیں بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کی ثقافت، کاروباری صلاحیت اور اقدار کے سفیر بھی ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2025 میں ترسیلاتِ زر 38.3 ارب ڈالر سے بڑھ گئیں جو گزشتہ سال سے 26.6 فیصد زیادہ ہیں جبکہ مالی سال 2026 میں ترسیلاتِ زر کے 42 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ بیان کے مطابق یہ کارکردگی بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد اور ملک کی معیشت کی بہتری میں ان کی مسلسل حمایت کی عکاسی کرتی ہے۔ اس طرح پاکستان دنیا میں ترسیلاتِ زر حاصل کرنے والے ممالک میں پانچویں جبکہ جنوبی ایشیا میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ ترسیلاتِ زر پاکستان کے بیرونی کھاتوں کے استحکام کے لیے سب سے اہم عنصر ہیں۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر اس وقت تقریباً 16.3 ارب ڈالر جبکہ مجموعی ذخائر 21.6 ارب ڈالر کے قریب ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم 10 ستمبر 2020ء کو متعارف کرائی گئی۔ ”دور رہ کر بھی پاس”کے نعرے کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو آسان ڈیجیٹل طریقے سے بینکاری اور سرمایہ کاری سے جوڑنا مقصد تھا۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے بیرون ملک پاکستانی بغیر پاکستان آئے اپنا بینک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔ وہ حکومتی سکیورٹیز، نیا پاکستان سرٹیفکیٹس، پاکستان اسٹاک ایکسچینج، میوچل فنڈز اور دیگر ڈیجیٹل بینکاری سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔ بیان کے مطابق گزشتہ ساڑھے پانچ سال میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور فروری 2026 کے اختتام تک 9 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں، اس طرح مجموعی سرمایہ کاری 12 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وزیر خزانہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور اس پروگرام میں شامل بینکوں کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا دائرہ کار غیر ملکی شہریوں، کمپنیوں اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں تک بڑھانے سے پاکستان ایک پرکشش سرمایہ کاری منزل کے طور پر مزید مضبوط ہوگا اور مالیاتی منڈیوں میں وسعت آئے گی۔ بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے اور حکومتی اصلاحات، مضبوط ڈیجیٹل نظام اور مالیاتی سہولیات میں توسیع کے ذریعے ایک شفاف، محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے، انہوں نے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور ملک کے معاشی مستقبل کا حصہ بنیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں