خاتون کی خودکشی،ڈاکوؤں نے نوجوان کو گولی ماردی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گھریلو حالات سے دل برداشتہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی’ دو بہنوں کی خودکشی کی کوشش’ اتھرے ڈاکوئوں نے مزاحمت پر نوجوان کو گولی مار کر لہولہان کر دیا’ قاتلانہ حملوں میں خاتون سمیت 3افراد لہولہان’ چالاک ملزمان کا تین شہریوں کیساتھ ڈیڑھ کروڑ کا فراڈ’ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق سمندری کی رہائشی 30سالہ فضیلت بی بی زوجہ صدی احمد نے گھریلو حالات سے دل برداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا لیں جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئی۔ جبکہ 677 گ ب میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر دو سگی بہنوں 25سالہ شازیہ اور 23سالہ نازیہ نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔ ترکھانی کے علاقہ 49 گ ب میں عداوت کی بناء پر مسلح افراد کی فائرنگ سے کلثوم بی بی گولی لگنے سے بری طرح زخمی ہو گئی۔ صدر کے علاقہ جلوی مارکیٹ کے قریب مشتعل ملزم نے چھری کے وار کر کے انیس کو بری طرح زخمی کر دیا۔ جھنگ روڈ پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے مخالف اسلم کو بری طرح زخمی کر دیا۔ جڑانوالہ کے علاقہ 105 گ ب میں لوٹ مار کے دوران مسلح ڈاکوئوں نے نقدی اور فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر ارشد علی کو گولی مار کر لہولہان کر دیا جبکہ کاروبار کا جھانسہ دیکر 275 ج ب کے عدنان رسول سے اس کے واقف کار ملزم اسامہ سعید نے 96لاکھ’ پیپلزکالونی کے وحید احمد کا کہنا ہے کہ اس کے جاننے والے ملزم فیضان نے 35لاکھ’ غلام محمد آباد کے علاقہ اسماعیل روڈ کے ملک حنیف نے بتایا کہ کاروبار کیلئے ملزمان حامد نے 10 لاکھ اور شاہد سے 5لاکھ کی رقم لیکر ہڑپ کر لی، رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر چیک دیا جو کہ بوگس نکلے، پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں