خالد محمود قاسمی کی جانب سے ٹاٹا بازار میں افطار ڈنر کا اہتمام

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) بین المذا ہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے بین المذاہب امن کمیٹی ٹریڈ ونگ پنجاب کے صدر خالد محمود قاسمی کی جانب سے ٹاٹا بازار میں واقع عمار سینٹر میں ایک پروقار افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ اس روح پرور تقریب میں شہر کی معروف تاجر برادری، مختلف سماجی و مذہبی تنظیموں کے نمائندگان اور بین المذاہب امن کمیٹی کے عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ افطار ڈنر کا مقصد معاشرے میں اتحاد، محبت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔افطار ڈنر میں انجمن تاجران سٹی الائیڈ گروپ کے صدر پرویز اقبال کموکا، جنرل سیکرٹری میاں تنویر ریاض اور الائیڈ گروپ کے دیگر عہدیداران خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اس موقع پر بین المذاہب امن کمیٹی کے مرکزی چیئرمین پیر ندیم سیالوی، ضلعی صدر محمد یوسف اور کمیٹی کے دیگر ممبران نے بھی شرکت کی’ افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز اقبال کموکا اور میاں تنویر ریاض نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب اور مسالک کے ماننے والوں کا خوبصورت گلدستہ ہے جہاں امن، برداشت اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے سابق چیئرمین شرافت علی خٹک کے علاوہ رحیم سینٹر سے تعلق رکھنے والی معروف کاروباری شخصیات عبدالقدوس، عبدالصمد، ملک اکبر قادری’ ملک اشفاق سمیت فیصل آباد کی تاجر برادری کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری ہمیشہ سماجی ہم آہنگی اور فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہی ہے اور آئندہ بھی ایسے مثبت اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی۔افطار ڈنر کے دوران شرکا نے باہمی گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایک پرامن اور برداشت کرنے والا معاشرہ ہے جہاں تمام مذاہب اور مسالک کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں