خام تیل کی قیمتوں میں کمی

اسلام آباد(بیوروچیف)عالمی منڈی میں ہفتے کے پہلے کاروباری روز خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد کہ ایران کے ساتھ تنازع ختم کرنے کے لیے مذاکرات میں پیش رفت کے دوران امریکا کی جانب سے نئے حملے کیے جانے کا امکان انتہائی کم ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پیر کو کاروبار کے آغاز پر برینٹ خام تیل کی قیمت 84سینٹ یعنی 0.85فیصد کمی کے بعد 97.48ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی)کی قیمت 32سینٹ یعنی 0.35فیصد کمی کے بعد 90.51ڈالر فی بیرل پر آگئی۔قیمتوں میں یہ کمی جمعے کے کاروباری اختتام پر ہونے والے معمولی اضافے کے برعکس رہی، گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت میں 17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو کووڈ وبا کے آغاز کے بعد سب سے بڑی ہفتہ وار کمی تھی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی این این کو ٹیلی فونک انٹرویو میں کہا کہ یہ اس بات پر منحصر ہے کہ آیا ایران کے ساتھ ایک مضبوط معاہدہ طے پاتا ہے یا نہیں، تاہم نئے حملوں کی ضرورت پیش آنے کا امکان انتہائی کم ہے۔ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر دوبارہ حملوں کا عندیہ دیا تھا، تاہم اب تک کسی بڑے امریکی فوجی آپریشن کے آثار سامنے نہیں آئے، ایران نے بھی امریکی اور اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنانے کے جواب میں کارروائی کی دھمکی دی ہے۔کے سی ایم ٹریڈ کے چیف تجزیہ کار ٹم واٹرر کے مطابق ٹرمپ کے حالیہ بیانات پہلے کے مقابلے میں محتاط ہیں، تاہم مارکیٹ یہ دیکھنے کی منتظر ہے کہ آیا وسط مدتی انتخابات کے بعد تنازع سے متعلق ٹرمپ کی پالیسی میں مستقل تبدیلی آئی ہے یا یہ محض عارضی تبدیلی ہے۔ادھر عراق نے آبنائے ہرمز کے ذریعے عمان کے قریب ایک بحری راستے سے تیل کی برآمدات جاری رکھنے کے لیے امریکا کے ساتھ مفاہمت کرلی ہے، عراقی وزیر خارجہ فواد حسین نے الجزیرہ کو انٹرویو میں اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایران جنگ اور تیل کی برآمدات میں رکاوٹوں کے باعث عراق کو 60 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔دریں اثنا حوثیوں نے اتوار کو سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی آرامکو کے دفاتر پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ حملے کے نتیجے میں عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں