خسرہ سے بچائو کا واحد حل بروقت ویکسی نیشن ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) خسرہ اور روبیلا سے بچائو کی قومی مہم 17تا 29نومبر 2025 ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شروع ہوگی۔ اس سلسلے میں آگاہی سیمینار ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کی۔ سیمینار میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف ندیم، ڈی ایچ او ڈاکٹر فیضان ارشد، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر شہباب عالم سمیت محکمہ صحت کے افسران، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خسرہ اور روبیلا جیسے مہلک امراض سے بچا کا واحد حل بروقت ویکسینیشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کی صحت ہی ہمارا مستقبل ہے، والدین اپنے پانچ سال تک کے تمام بچوں کو لازمی ویکسین لگوائیں تاکہ ایک محفوظ اور صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ڈی ایچ او ڈاکٹر فیضان ارشد کے مطابق مہم کے دوران ضلع بھر میں تین لاکھ چونتیس ہزار سے زائد بچوں کو خسرہ و روبیلا سے بچا کی ویکسین لگائی جائے گی۔ مہم کے لیے 290 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 479 سوشل موبیلائزرز بھی آگاہی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں اسکولوں، ہسپتالوں، دیہی مراکز اور کمیونٹی پوائنٹس پر ویکسین لگائیں گی اور والدین کو اس کی اہمیت سے آگاہ کریں گی۔ ڈاکٹر فیضان ارشد نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر اس قومی مقصد کو حاصل کرنا ممکن نہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ضلعی افسران اور کمیونٹی نمائندوں سے کہا کہ وہ مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون یقینی بنائیں تاکہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کو خسرہ و روبیلا فری ضلع بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں