خضدار میں معصوم بچوں کو بھارت نے نشانہ بنایا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پی پی 106کے ثاقب فاروق بٹ،جنرل سیکرٹری عمیرفاروق گجرنے کہا ہے کہ خضدار میں معصوم بچوں کو بھارت نے نشانہ بنایا،رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان کو دنیا بھر میں کامیاب ریاست کہا جارہا ہے پاک بھارت جنگ میں معاشی کمزوریوں اور داخلی بحرانوں کے ہوتے ہوئے اللہ نے پاکستان کو فتح سے نوازا ہے۔ بھارت کے خلاف پیش قدمی کے لیے قرآن کریم کی اصطلاح ”بنیان مرصوص” کا ماخوذ کیا جانا بھی اللہ کی مددونصرت کا ذریعہ بنا۔ ثابت ہوا کہ جب افواج پاکستان جذبہ جہاد سے سرشار ہوکر دشمن کے خلاف برسرپیکار ہوں گی تو کوئی اس کے سامنے نہیں ٹھیرسکتا۔ انھوں کہا کہ اللہ نے ہندوتوا کا پرچار کرنے والے مودی کو پوری دنیا میں ذلیل و خوار کیا اور پاکستان کی عزت کو چارچاند لگا دیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب جبکہ مشرقی محاذ پر پاک فوج کو کامیابی ملی ہے تو ہم سب کا فرض ہے کہ مظلومین فلسطین کی مدد کریں اور اس کے لیے اسلامی ممالک کو متحد کیا جائے۔ثاقب فاروق بٹ نے کہا کہ اسرائیل کے مقابلے میں اگر مسلح فوج کھڑی ہو جائے تو 2دن بھی مقابلہ نہیں کر سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امر انتہائی باعث شرم ہے کہ غزہ میں جاری صہیونی مظالم پر امت کے حکمران خاموش تماشائی ہیں، غزہ میں خوراک کا بحران ہے اور وہاں خوراک پہنچانے میں اسلامی ملک بھی رکاوٹ پیدا کررہا ہے، یورپ میں عوام غزہ کے بچوں کے لیے احتجاج کررہے ہیں جبکہ اپنوں کی جانب سے خوراک اور ادویات کی ترسیل روکی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کے حکمران اور خصوصی طور پر پاکستان اور عالم عرب بے حسی کی چادر اتاریں اور اہل فلسطین کی مدد کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں