خواتین میں طویل العمری کیلئے پٹھوں کی مضبوطی ضروری

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ پٹھوں کی مضبوطی بزرگوں کی طویل العمری پر کس قدر اثر انداز ہو سکتی ہے؟ حالیہ تحقیق میں اس سوال کا جواب دریافت کر لیا گیا۔حالیہ تحقیق جو جریدے جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع ہوئی ہے، جس سے معلوم ہوا ہے کہ زیادہ مضبوط مسلز رکھنے والی بڑی عمر کی خواتین میں 8سالہ فالو اپ کے دوران موت کا خطرہ کم پایا گیا۔اس مطالعے کے لیے سائنس دانوں نے 63سے 99 برس کی تقریباً ساڑھے 5ہزار خواتین کا جائزہ لیا، ان خواتین کے طاقت کے ٹیسٹ کیے گئے اور بعد ازاں تقریباً 8برس تک انہیں زیرِ مشاہدہ رکھا گیا۔نتائج سے ظاہر ہوا کہ جن خواتین کے مسلز زیادہ مضبوط تھے، ان میں موت کا خطرہ کم رہا، خواہ وہ ہفتہ وار تجویز کردہ ورزش مکمل طور پر کر رہی ہوں یا نہیں۔محققین کا کہنا ہے کہ چونکہ امریکا میں 80سال اور اس سے زائد عمر کی خواتین کا گروہ تیزی سے بڑھنے والا گروہ ہے، اس لیے طاقتور مسلز کی نگرانی اور اسے برقرار رکھنے کی اہمیت آنے والی دہائیوں میں صحتِ عامہ پر گہرے اثرات مرتب کرے گی۔اہم بات یہ ہے کہ فائدہ حاصل کرنے کے لیے خواتین کا باڈی بلڈر جیسا دکھائی دینا ضروری نہیں تھا۔محققین کے مطابق ہم نے اس بات کا بھی مشاہدہ کیا کہ مسلز کی طاقت اور اموات کے درمیان جسامت میں فرق تعلق کی وضاحت نہیں کرتا، جب ہم نے طاقت کے پیمانوں کو جسمانی وزن اور حتیٰ کہ خالص مسلز کے وزن کے مطابق جانچا، تب بھی شرحِ اموات میں نمایاں کمی برقرار رہی۔ایک عام غلط فہمی دور کرتے ہوئے ماہرین نے زور دیا ہے کہ طاقت اور مسلز کا حجم بڑھانے کے لیے جم جانا لازمی نہیں۔ محققین کے مطابق طاقت اور مسلز کا حجم بڑھانے کے لیے ایکسر سائز کے لیے بھاری ڈمبلز کے بجائے سوپ کین یا کتابوں کا استعمال بھی کر سکتے ہیں، یہ ویٹ لفٹنگ کے لیے اتنی ہی موثر ثابت ہو سکتی ہیں، خصوصاً ان افراد کے لیے جن کے لیے جم یا دیگر سہولتیں دستیاب نہیں۔مزید برآں، تحقیقاتی ٹیم نے بزرگ افراد کو مشورہ دیا کہ طاقت بڑھانے کی مشقیں شروع کرنے سے قبل اپنے معالج یا صحت کے ماہرین سے مشورہ ضرور کریں تاکہ وہ محفوظ انداز میں اپنے مطلوبہ اہداف حاصل کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں