خواتین کے حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائینگے،شہباز شریف

اسلام آباد(بیوروچیف) وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج خواتین کے عالمی دن پر پاکستان اور دنیا بھر کی خواتین کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور جذبہ خیر سگالی کا اظہار کرتا ہوں، بالخصوص پاکستان کی خواتین، ماں بہنوں، بیٹیوں کو سلام اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کی حفاظت ملکی پائیدار ترقی اور قومی خوشحالی کی ضمانت ہے، قوم کی مجموعی ترقی و خوشحالی کو خواتین کے لیے یکساں مواقع اور بامعنی شمولیت ہی یقینی بناتی ہے، خواتین کی محنت، عزم و ہمت اور زندگی کے ہر شعبے میں گراں قدر خدمات ہمارے لیے من الحیث قوم باعث فخر اور باعث تقویت ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خواتین نہ صرف خاندان بلکہ، معاشرہ اور قوم کی مثبت اقدار پر مبنی بنیاد میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں، تعلیم سے لے کر کھیل تک، گھروں سے لیکر حکومت تک، پاکستانی خواتین کی استقامت اور کامیابیاں ایک مضبوط اور خوشحال ملک کی تعمیر میں انقلابی کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، سپیکر اسمبلی، وزارت اعلی کے عہدوں سے لے کر عدلیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، صحت، تعلیم، کاروبار اور مسلح افواج تک، خواتین نے آنے والی نسلوں کے لیے نئی راہیں ہموار کی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان کا عزم پختہ ہے کہ ایسا ماحول یقینی بنایا جائے جہاں خواتین کسی بلا امتیاز و خوف اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں