دریائے راوی میں پانی کی سطح میں اضافہ سے فصلیں زیر آب آنے کا خطرہ بڑھ گیا

کمالیہ(نامہ نگار)کمالیہ میں دریائے راوی کے پل کے آٹھ اسپیلز میں سے صرف تین اسپیلز سے پانی کی روانی جاری ہے جبکہ باقی پانچ اسپیلز مٹی کے ڈھیروں کی وجہ سے بند پڑے ہیں، جس سے قریبی آبادیوں اور ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث دریائے راوی میں پانی کی سطح میں غیرمعمولی اضافہ ہو چکا ہے ۔ تاہم، متعلقہ حکام کی غفلت کے باعث پل کے بند اسپیلز کو تاحال صاف نہیں کیا جا سکا، جس سے ممکنہ سیلابی صورتحال جنم لے رہی ہے ۔علاقہ مکینوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مٹی کے ڈھیر ہٹا کر بند اسپیلز کو کھولا جائے تاکہ پانی کی روانی بحال ہو اور جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے ۔مقامی زمینداروں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو فصلیں زیرِ آب آ سکتی ہیں، جس سے علاقہ معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلی پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں