دنیا مان گئی پاکستان آسمانوں پر راج کرنیوالا چیمپئن ہے، امیر مقام

پشاور (بیورو چیف)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے دنیا مان گئی کہ پاکستان آسمانوں پر راج کرنے والا چیمپئن ہے، ملک کو آگے لے جانے کیلئے ہمیں میرٹ کو اپنانا ہوگا، لیپ ٹاپ خالصتاّ میرٹ پر دیئے جا رہے ہیں، نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی تقریب سے بطورِ مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اس تقریب میں موجود خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ہلال امتیاز ضیائ الحق ہمارا فخر ہیں، مجھے خوشی ہے کہ آج میں آپ کے درمیان موجود ہوں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر دیئے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم کا آغاز اس وقت کے پنجاب کے وزیراعلی شہباز شریف نے 2011 میں کیا، جب وفاق میں وزیراعظم نوازشریف کی حکومت آئی تو انہوں 2013 میں پورے پاکستان کیلئے اس سکیم کا آغاز کیا اور انتہائی کامیابی کے ساتھ جاری رہا لیکن بدقسمتی سے 2018 میں اس کو بند کردیا گیا اور چار سال بند ہونے کے بعد 2022 میں وزیراعظم شہباز شریف نے اس پروگرام کو دوبارہ بحال کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر چل رہا ہے، اگر اس ملک کو آگے لیکر جانا ہے تو ہمیں میرٹ کو اپنانا ہوگا، میں اس موقع پر لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں اور ان کے والدین کو داد دینا چاہتا ہوں کہ آپ کے بچوں نے میرٹ پر لیپ ٹاپ حاصل کیا، یہ اسکیم سو فیصد میرٹ پر مبنی ہے۔انہوں نے طلبہ کو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کا مستقبل آپ ہیں اور آپ نے ہی اس ملک کو چلانا ہے، اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ جوانوں پر سرمایہ کاری ملک کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خیبرپختونخوا کے عوام اسلام آباد میں دہشتگردی اور اس سے قبل بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہمارا صوبہ دہشتگردی کا شکار رہا ہے، خیبر پختونخوا کے عوام کو امن کی اہمیت کا اندازہ ہے، یہاں اے پی ایس سانحے کی یاد اب بھی تازہ ہے،اس لئے ہم سب کو امن کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، جب امن ہوگا تو تعلیم بھی حاصل کریں گے، روزگار بھی ہوگا، اس لیے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مئی میں بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا مگر اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دفاع پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے، افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اپنے آپ سے دس گنا بڑے دشمن کو ایسی شکست دی کہ ان کے بچے بھی یاد رکھیں گے، اس وقت لوگوں میں ایک جذبہ دیکھا جو قابل دید تھا، اگر یہ جذبہ ایمانی ہے تو پاکستان کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ہم نے خدمت کو عبادت سمجھا، مجھ پر جان لیوا حملے ہوئے لیکن کبھی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹا۔انہوں نے کہا کہ طب کا پیشہ مشکل ترین پیشہ ہے، آپ میں جب خدمت کا جذبہ نہ ہو تو کامیاب ڈاکٹر نہیں بن سکتے، جب خدمتِ خلق کا جذبہ ہو تو کامیابی مقدر ہوگی، اگر پاکستانیت کا جذبہ نہ ہو تو کچھ نہیں رہے گا، یہ ملک ہوگا تو ہم سب ہوں گے۔قبل ازیں وفاقی انجینئر امیر مقام کا خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران نے وفاقی وزیر کا خیرمقدم کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء ء الحق نے وفاقی وزیر کو یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے کے ایم یو کی تعلیمی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں، تحقیقی سرگرمیوں اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری طبی تعلیم اور تحقیق وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت اس شعبے کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کے ایم یو نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ ملک بھر میں طبی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت تعلیمی اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور درپیش مسائل کے حل کیلیے سنجیدہ اقدامات کرے گی۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے یونیورسٹی لان میں یادگار درخت بھی لگایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں