دوشیزہ کی خودکشی،حادثہ میں نوجوان جاں بحق،جعلی ہلدی تیار کرنیوالا یونٹ سیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گھریلو حالات سے دل برداشتہ دوشیزہ نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی’ ٹریفک حادثہ میں محنت کش جاں بحق’ قاتلانہ حملوں میں مخالفین کی فائرنگ سے 5افراد لہولہان’ جعلی وملاوٹی ہلدی تیار کرنیوالا یونٹ پکڑا گیا، منافع کا لالچ دیکر ایک چالاک ملزمان نے 6شہریوں کو کنگال کر دیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 373 گ ب کی 19سالہ شمروزیہ دختر عمیر کا کسی بات پر گھر والوں سے جھگڑا ہوا تو اس نے دل برداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ سلطان ٹائون کے قریب 22سالہ عمران ولد محمد خاں گدھا ریڑھی پر جا رہا تھا کہ تیز رفتار گاڑی کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا’ سمن آباد کے علاقہ انار کلی بازار کے قریب معمولی تلخ کلامی پر مشتعل ملزمان نے فائرنگ کر کے ارسلان اور اسماعیل کو بری طرح زخمی کر دیا’ بلوچنی کے نواح میں عداوت کی بناء پر مسلح ملزمان نصیب وغیرہ نے فائرنگ کر کے مخالفین ولید اور مختار کو لہولہان کر دیا، سمن آباد کے علاقہ نواباں والا میں مشتعل ملزمان مشتاق وغیرہ نے جنت بی بی کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اس کے سر کے بال کاٹ دیئے، 253 رب میں پرانی دشمنی پر مخالف سرفراز کو بری طرح زخمی کر کے ملزمان فرار ہو گئے، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے غلام محمد آباد کے علاقہ مدینہ پارک میں کامیاب چھاپہ مار کر جعلی وملاوٹی ہلدی تیار کرنے والا یونٹ پکڑ لیا۔ مضرصحت 800 کلو جعلی ہلدی’ 200 کلو مکئی کے تکے’ سامان وغیرہ برآمد کر لئے۔ ملزمان مکئی کے تکوں کو پیس کر جعلی ہلدی تیار کر رہے تھے۔ ریلبازار کے تاجر صغیر احمد نے بتایا کہ اس کے جاننے والے ملزم عبدالرحمن نے 22لاکھ ہتھیائے’ جڑانوالہ کے رہائشی فاروق سے ملزم عبدالرزاق نے 20لاکھ کی رقم ہڑپ کر لی’ غلام محمد آباد کے اسلم سے ملزم وحید نے 6لاکھ’ غلام محمد آباد کے عامر سے ملزم عباس علی نے 6لاکھ 40ہزار روپے کی رقم’ منصورآباد کے علاقہ فاروق آباد کے منیب سے ملزم نے ساڑھے 19لاکھ کی رقم ہتھیا لی’ سیٹلائٹ ٹائون کے شبیر سے ملزم ذوالقرنین 10لاکھ کی رقم لے اُڑا’ ملزمان نے رقم کی واپسی کے بدلے میں چیک دیئے جو کہ بنکوں سے کیش نہ ہو سکے۔ پولیس نے مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں