دھند کے باعث حادثات،5جاں بحق،بس الٹنے سے متعدد مسافر زخمی

پھولنگر (نامہ نگار) پھولنگر ہیڈبلوکی روڈ پر نجی ٹیکسٹائل کے قریب دو موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئی’حادثہ میں موٹر سائیکل سوار 4افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 2شدید زخمی ہوئے۔ پھولنگر ہیڈ بلوکی روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، حادثہ دو موٹرسائیکلز کے آپس میں ٹکرانے سے پیش آیا۔ حادثے میں 4افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 2افراد شدید زخمی ہوئے، جا ں بحق افراد میں 23سالہ حسنین’ 21سالہ وسیم’ 20سالہ عمر اور 22سالہ علی حسن شامل ہیں۔ زخمیوں میں 40سالہ نیاز اور 35سالہ خالد شامل ہیں۔ ریسکیو 1122نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ٹرامہ سنٹرپھولنگر منتقل کردیا۔ ر ڈیڈباڈیز کو بھی ضروری کاروائی کے لئے ٹرامہ سنٹر پھولنگر منتقل کردیا۔دریں اثنائ۔جڑانوالہ(نامہ نگار)شدید دھند کے باعث مسافر بس الٹ کر کھیتوں میں جا گری، متعدد افراد زخمی ہو گئے تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ ننکانہ بچیانہ روڈ پر شدید دھند کے باعث مسافر بس الٹ کر کھیتوں میں جا گری، حادثہ کے نتیجہ میں اعظم، جنید وغیرہ سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاع پر ریسکیو ٹیم نے جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جہاں انکی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔ تاہم پولیس مصروف کارروائی ہے۔دریں اثنائ۔فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) جھنگ روڈ پر سدھار سبزی منڈی کے قریب تیز رفتار بس کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل سوارنوجوان جاں بحق ہو گیا، بتایا جاتا ہے کہ 40ج ب کا رہائشی عادل ولد سلیم موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ سدھار سبزی منڈی کے قریب پہنچا تو تیز رفتار بس کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثے کے مرتکب بس ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں