دھند کے باعث ٹرک نہر میں جاگرا،ایک ہی خاندان کے 14افراد جاں بحق

سرگودھا (بیوروچیف)دھند کے باعث ٹرک نہر میں گرنے سے بچوں اور خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 14افراد جاں بحق جبکہ 9زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد کے علاقہ خانوآنہ ککڑ اں گائوںسے تعلق رکھنے والااسلام آباد میںمقیم خاندان قریبی عزیز کے جنازہ میں شرکت کے لئے فیصل آباد آ رہا تھا، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ موٹروے شدید دھند کے باعث بند تھی، جس کے باعث مزدا ٹرک کو متبادل لوکل روٹ، کوٹ مومن کے راستے فیصل آباد جانا پڑا۔ گلاپور کے قریب شدید دھند کے باعث ڈرائیورکو راستہ نظر نہ آیا اور مزدا ٹرک بے قابو ہو کر نہر میں جا گرا، نہر میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے ٹرک نیچے گرنے سے شدید نوعیت کا حادثہ پیش آیا، حادثے کے وقت مزدا ٹرک میں کل 23 افراد سوار تھے، جن میں سے 14 موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں اور تمام جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، شدید زخمی ہونے والی خواتین میں شمیم پروین، نازیہ بی بی اور ایک اور خاتون شامل ہیں،جبکہ حسنین، ظہیر، ممتاز، کاشف اور ندیم عباس معمولی زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس کیمطابق جاں بحق افراد کی شناخت مصری خان، حلیمہ بی بی، یاسین، سونیا بی بی، پٹھان بی بی، حانیہ، ایمان فاطمہ، رانی بی بی، حارث، وسیم، عورین، ثقلین، حورم اور آمنہ کے نام سے ہوئی ہے۔ تمام جاں بحق افراد کا تعلق فیصل آباد کے علاقہ خانوآنہ سے بتایا جا رہا ہے،حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں، امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں