7

دہشتگردوں کو ہرقیمت پر انجام تک پہنچائینگے،وزیراعظم

اسلام آباد (بیوروچیف)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد دھماکے کے تناظر میں دنیا بھر سے موصول ہونے والے پیغامات پر مشکور ہوں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ایکس پر پیغا م میں کہا انسداددہشتگردی کی کوششوں میں دوستوں اور شراکت داروں کی حمایت ہمیشہ اہم رہی ہے، اس گھنائونے جرم کے مرتکب افراد کو پوری قوت کے ساتھ انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ وزیراعظم نے مزید کہا دہشتگروں کے مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا، بہادر پاکستانی قوم متحد ہے اور ہمیشہ کی طرح دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں۔ دوسری جانب خودکش دھماکے کے بعد علاقے کی فضا اب بھی سوگوار ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں چار سے چھ کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جبکہ بڑی تعداد میں بال بیئرنگ بھی استعمال کی گئی۔ خودکش حملہ آور نے پہلے پستول سے چھ فائر کیے، مسجد کے مرکزی ہال میں جاکر خود کو اڑالیا، خودکش بمبار افغانستان سے تربیت یافتہ نکلا، ٹریول ہسٹری موجود، حملہ آور کا شناختی کارڈ جائے وقوعہ سے مل گیا۔ مبینہ خودکش حملہ آورکی شناخت یاسر ولد بہادر خان کے نام سے ہوئی ہے، حملہ آورمحلہ قاضیاں پشاور کا رہائشی تھا، پشاور سے خودکش بمبارے کے چار رشتے داروں کو بھی گرفتارکرلیا گیا، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں