دین اسلام تمام نوع انسانی کیلئے امن و آشتی کا پیغام ہے،شہباز شریف

اسلام آباد (بیوروچیف) وزیراعظم شہباز شریف کا اسلامو فوبیا کے تدارک کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ آج اسلامو فوبیا کے تدارک کا عالمی دن، دین اسلام اور مسلمانوں کے خلاف تعصب کی مذمت میں عالمی آواز ہے، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی اسلامو فوبیا کے تدارک پر قرارداد دنیا بھر میں مسلمانوں کیخلاف امتیازی اور نفرت انگیز سلوک کی عالمی سطح پر حوصلہ شکنی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرتی عدم برداشت، بنیادی مذہبی آزادی اور باہمی اتحاد و رواداری جیسی اقدار کو کمزور کرنے کا باعث ہے، آج کا دن مسلمانوں کو مذہبی تعصب اور متشدد واقعات کے خلاف تخفظ فراہم کرنے کا عالمی احساس ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مہذب معاشرے عقائد کی بنیاد پر انسانی حقوق میں تفریق نہیں کرتے بلکہ باہمی احترام و ایثار پر قائم ہوتے ہیں، پاکستان اسلامو فوبیا پر مبنی تمام طرزعمل اس کی تمام صورتوں کی مذمت کرتا ہے، اسلامی تعلیمات کے عین مطابق اور بین الاقوامی قوانین کی نظر میں تمام انسان مساوی حقوق رکھتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ دین اسلام تمام نوع انسانی کیلئے امن و آشتی کا پیغام ہے، اسلام کو انتہا پسند خیالات سے منسوب کرنا صریحا لاعلمی ہے، پاکستان نے تمام بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ ذمہ دارانہ انداز میں اسلامو فوبیا کے خلاف آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی پاکستان اقوام عالم کے مابین مذہبی رواداری اور مسلمانوں کے احساس تحفظ کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں