”راست کیو آر کوڈ ” بلوں کی ادائیگی کی سہولت متعارف

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے پی آئی ٹی سی کی معاونت اور بینک الفلاح کے تعاون سے ”راست کیو آر کوڈ” کے ذریعے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کی سہولت متعار ف کر ا دی۔اس سلسلے میں فیسکو ہیڈ کوارٹرز میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر نے بنک الفلا ح اور فیسکو کے درمیان راست کیو آر کوڈ کے ذریعے بلوں کی ادائیگی پر معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر نے کہا کہ صارفین اب اپنے بجلی کے بلوں کی ادائیگی”راست” کے ذریعے فراہم کردہ کیو آر کوڈ اسکیشن کر کے کر سکیں گے۔ یہ سہولت بلوں پر درج کیو آر کوڈ کے ذریعے دستیاب ہو گی۔اور صارفین کسی بھی راست سے منسلک موبائل بینکنگ ایپلی کیشن کے ذریعے فوری اور محفوظ ادائیگی کر سکیں گے۔انہوںنے مزید کہا کہ یہ سہولت بل کی مقررہ آخری تاریخ تک دستیاب ہو گی۔ جس سے صارفین کو تیز تر ، سہل اور قابل اعتماد ڈیجیٹل ادائیگی کا موقع میسر آئے گا اور بل جمع کرانے کیلئے بینکوں یا ادائیگی مراکز پر جانے کی ضرورت کم ہو گی۔ اور نہ ہی قطار میں لگ کر بل جمع کرانے کی زحمت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اس سروس کا اجرا فیسکو کے اس عزم کا حصہ ہے جس کے تحت کمپنی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، شفاقیت اور صارفین کی سہولت کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں