رانا ثناء اللہ خاں250 ووٹ لے کرسینیٹر منتخب

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد سے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ خاں سینیٹر منتخب ہو گئے ۔پنجاب اسمبلی میں سینیٹرکی خالی نشست پر ہونیوالے ضمنی الیکشن میں رانا ثناء اللہ نے 250 ووٹ لئے’ پولنگ صبح9بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہی، 251 ووٹ کاسٹ ہوئے ، ایک ووٹ مسترد ہوا۔پولنگ کا عمل پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں ہوا، مسلم لیگ (ن) اور حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے رانا ثناء اللہ امیدوار تھے جبکہ اپوزیشن نے اعجاز چودھری کی اہلیہ سلمی اعجاز کو نامزد کیا تھا لیکن انہوں نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا۔رانا ثناء اللہ خان کی جیت پر لیگی ایم پی ایز اور کارکنوں نے ان پر گل پاشی کی اور ہار پہنائے ، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور صوبائی وزرا نے بھی حق رائے دہی استعمال کیا۔ سینیٹ ضمنی انتخابات میں رانا ثناء اللہ کی جیت کے بعد ن لیگ کی سینیٹ میں 21 نشستیں، پیپلز پارٹی کی 26 نشستیں، پی ٹی آئی کی 21 نشستیں، جے یو آئی ف کی 7 نشستیں ہو گئیں، جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کی 4، اے این پی کی 3،ایم کیو ایم کی 3،ق لیگ 1،نیشنل پارٹی 1،ایم ڈبلیو ایم 1،سنی اتحاد کونسل کی 1 نشست ہے ،، سینیٹ میں 6 آزاد اراکین ہیں اورایک نشست پر پولنگ ہونا باقی ہے ۔کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شہباز شریف جو بھی ذمہ داری دیں گے اس کو دیانت داری سے نبھاں گا، تحریک انصاف نے سیاسی اور جمہوری پراسیس کا بائیکاٹ کرکے الیکشن سے راہ فرار اختیار کر کے اپنے ممبران پر عدم اعتماد کیا۔تحریک انصاف کے 10 سے 12 ممبران نے مجھ سے رابطہ کیا تھا، وہ مجھے ووٹ کاسٹ کرنا چاہتے تھے ۔میں نے ان کو منع کیا تھا مجھے ووٹ کاسٹ نہ کریں، اپنے امیدوار کو ووٹ کاسٹ کریں۔ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اندھی تقلید کرنے والے صرف فتنہ و فساد اور انتشار چاہتے ہیں، حکومت یا کسی ادارے کو نہیں پوری قوم کو ان کا راستہ روکنا چاہیے ، پی ٹی آئی کے پاس راہ فرار کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ۔ سپیکر ملک محمد احمد خان کا میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپوزیشن نے اگرچہ بائیکاٹ کا اعلان کیا، لیکن اپنا امیدوار الیکشن کمیشن سے ریٹائر نہیں کیا جس کے باعث انتخابی عمل کرانا ضروری ہوگیا، میں سیاسی عمل کا حامی ہوں۔صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی جیت پر میری خوشی ڈبل ٹرپل ہو گئی۔رانا ثنا اللہ کو ووٹ ڈال کر جو خوشی آج ہوئی وہ میرا خواب تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں