رہائشی علاقوں میں کوئی فیکٹری لگانے کی اجازت نہ دی جائے ،منشاء اللہ بٹ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر محنت و افرادی وسائل منشا اللہ بٹ نے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کا دورہ کیا۔ انہوں نے ملک پور میں گیس لیکج کے باعث کیمیکل فیکٹری کے حادثے میں زخمی ہونے والے مریضوں کی طبی حالت کا تفصیلی جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے برن یونٹ میں داخل متاثرہ افراد کی فردا فردا عیادت کی، انکی خیریت دریافت کی اور مہیا کی جانیوالی طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔صوبائی وزیر نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ رہائشی علاقوں میں کوئی فیکٹری لگانے کی اجازت نہ دی جائے۔انہوں نے ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر ایریا لیبرانسپکٹرشہزاد اصغر کو معطل کردیا۔انہوں نے کہا کہ حادثہ میں وفات پانے والے افراد کا ڈیٹا مرتب کیا جائے تاکہ ان کے لواحقین کی مالی امداد کی جاسکے۔انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہتر سے بہتر طبی امداد کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔منشا اللہ بٹ نے حادثے کے زخمیوں کے لیے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کا بروقت اور معیاری علاج حکومت کی اولین ترجیح ہے۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے اور مریضوں کے اہل خانہ کی بھرپور رہنمائی اور سہولت کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفیئر پنجاب سیدہ حی، ڈائریکٹر سوشل سکیورٹی اظہر منہاس اور ایم ایس الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر فہیم بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں