ریٹیلرز نے BISPکو کمائی کا ذریعہ بنا لیا،سہ ماہی رقوم سے6کروڑ کی کٹوتیاں

جڑانوالہ (نامہ نگار) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 41ہزار مستحق افراد کو سہ ماہی آنے والی رقم سے مبینہ کٹوتیوں کی مد میں ریٹیلرز شاپ مالکان مبینہ طور پر 6کروڑ سے زائد کا چونا لگانے لگے،ریٹیلرز شاپ مالکان مبینہ طور پر فی کس 1500سے 3000روپے تک کٹوتیاں کر رہے ہیں،وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت تحصیل جڑانوالہ میں41ہزار مستحق افراد کو امدادی رقمدی جا رہی ہے جن میں 13ہزار 500سے لیکر 20ہزار تک، 20ہزار سے لیکر 30ہزار،جبکہ 30ہزار سے لیکر 50ہزار تک بھی رقم مل رہی ہے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت آنے والی رقم کی تقسیم کیلئے 35ریٹیلرز شاپ مالکان کو نجی بنک کی جانب سے ڈیوائسز جاری کی گئیں ہے تاکہ شفاف طریقے سے رقم کی ادائیگی یقینی بنائی جا سکے مگر جڑانوالہ و دیہات میں قائم ریٹیلرز شاپ مالکان کی جانب سے سہ ماہی آنے والی رقم کی ادائیگی کے دوران مستحق افراد سے مبینہ طور پر فی کس 1500سے لیکر 2000روپے تک کی کٹوتیاں کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے ریٹیلرز شاپ مالکان مبینہ طور پر کٹوتی نہ کروانے والوں کو سارا سارا دن دھوپ میں کھڑا کرکے سسٹم جام ہونے کا بہانہ بنا کر ٹرخا دیتے ہیں اور مبینہ طور پر خواتین کیساتھ انتہائی ہتک آمیز سلوک اپناتے ہیں جبکہ مٹھی گرم کرنے کی صورت میں فوری ادائیگی کر دی جاتی ہے ایک مختاط اندازے کے مطابق 41ہزار مستحق افراد کو آنے والی رقم میں سے 1500روپے فی کس کٹوتی کی مد میں ریٹیلرز شاپ مالکان مبینہ طور پر سہ ماہی آنے والی رقم سے 6کروڑ روپے سے زائد کا چونا لگا رہے ہیں۔ ریٹیلرز شاپ مالکان کی جانب سے سہ ماہی رقم سے مبینہ طور پر 6کروڑ تک کی کٹوتیاں متعلقہ حکام کی مبینہ چشم پوشی کو عیاں کر رہی ہے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ شکایت کی صورت میں متعلقہ حکام کی جانب سے ریٹیلرز شاپ کی عارضی طور پر ڈیوائس بند کرکے اسکو متبادل جگہ پر منتقل کئے جانے کا بھی انکشاف سامنے آیا ہے،دوسری جانب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام دفتر عملے کا کہنا ہے کہ ہم کسی کو جواب دینے کے پابند نہیں ہیں اور نہ ہی کسی کو ہمارے کام میں مداخلت کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ عوامی سماجی حلقوں اور مستحق افراد نے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پر زور مطالبہ کیا کہ ہے کہ ریٹیلرز شاپ مالکان کی جانب سے رقم کی ادائیگی کے دوران مبینہ طور پر کٹوتیوں کے معاملہ کی اعلی سطحی انکوائری و تحقیقات کروائی جائے تاکہ مستحق افراد تک پوری رقم کی ادائیگی یقینی ہو سکے اور مبینہ کٹوتیوں میں ملوث ریٹیلرز شاپ مالکان سے ڈیوائسز واپس لیکر انکے خلاف نہ صرف مقدمات کا اندراج کیا جائے بلکہ مستحق افراد کی رقم سے کی گئی کٹوتیوں کی مد میں وصول کی جانے والی رقوم بھی واپس دلوائی جائے۔ مستحق افراد نے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت انے والی رقم کی شفاف انداز میں ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں