ریکارڈ یافتہ خطرناک ملزم شاہد عرف ہیرا اپنے انجام کو پہنچ گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شیرخوار بچے کو گٹر میں پھینک کر مارنے اور رکشہ ڈرائیور کو قتل کرنے والا ریکارڈ یافتہ’ پولیس حراست سے فرار ہونیوالا ملزم پولیس مقابلہ میں اپنے انجام کو پہنچ گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اسکے ساتھیوں کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ ڈجکوٹ پولیس نے پکڑے جانیوالے ریکارڈ یافتہ ملزم شاہد عرف ہیرا کو برآمدگی کے بعد واپس تھانے لا رہی تھی کہ راستے میں اسکے ساتھیوں نے پولیس ویگن پر حملہ کر کے ساتھی شاہد ہیرا کو چھڑوا کر فرار ہو گئے۔ پولیس حراست سے ملزم کے فرار کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ ٹھیکری والا انسپکٹر عابد جٹ نے مختلف علاقوں کی ناکہ بندی کروائی ہوئی تھی۔ رات اڑھائی بجے کے قریب ایس ایچ او تھانہ ٹھیکری والا اور اے ایس آئی رانا ساجد محمود نے مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے دوران ملزم فصلوں میں چھپ کر پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے رہے۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس پارٹی نے دیکھا تو پولیس حراست سے فرار ہونیوالا خطرناک ریکارڈ یافتہ ملزم شاہد عرف ہیرا مردہ حالت میں پڑا تھا جبکہ اسکے ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو چکے تھے۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اسکے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ پولیس مقابلہ میں مارے جانیوالے ڈاکو نے گزشتہ برس ٹھیکری والا کے علاقہ میں رکشہ ڈرائیور سے 3سو روپے نقدی اور رکشہ چھیننے کے بعد خنجر کے وار کر کے اسکی شہ رگ کاٹ دی تھی اور اس کے علاوہ ملزم شاہد عرف ہیرا کے خلاف 18 ماہ کے بچے کو گٹر میں پھینک کر موت کے گھاٹ اتارنے کا بھی مقدمہ درج ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں