زرعی یونیورسٹی میں سیلاب متاثرین کاشتکاروں میں گندم کے بیج تقسیم کئے گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے گندم بڑھاو مہم اور سیلاب زدگان کی زرعی بحالی کے لیے علی پور کے کاشتکاروں کو گندم کے بیچ تقسیم کئے۔ اس تقریب میں زرعی یونیور سٹی فیصل آباد کے سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی اورڈاکٹر عمیر گل نے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی ہدایت پر بیچ تقسیم کیے ۔ گندم مہم میں زرعی یونیورسٹی کے 4ہزار سے زائد طلبہ ماہرین کی نگرانی اور محکمہ زراعت توسیع پنجاب کے تعاون سے ”گندم بڑھاؤ مہم” کے تحت پنجاب کے چھ ڈویژنوں کے زرعی کھیتوں کا رخ کر رہے ہیں۔ یہ 9 روزہ گندم مہم 16 نومبر تک جاری رہے گی جس کا مقصد فی ایکڑ پیداوار میں 2 سے 3 من اضافہ ممکن بنانا ہے۔ اس دوران ماہرین کی سربراہی میں طلبہ کسانوں کے کھیتوں کا دورہ کرنے کے ساتھ زرعی مسائل کا براہِ راست مشاہدہ کریں گے اور ماہرین کی سفارشات کسانوں تک پہنچائیں گے۔ طلبہ فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا اور ساہیوال ڈویژنوں کے کھیتوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ گندم بڑھاؤ مہم میں بی ایس (پانچویں اور ساتویں سمسٹر) اور پوسٹ گریجویٹ (پہلے سے تیسرے سمسٹر) کے طلبہ شرکت کریں گے جن کا تعلق فیکلٹی آف ایگریکلچر، فیکلٹی آف سوشل سائنسز، فیکلٹی آف ایگریکلچرل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور فیکلٹی آف اینیمل ہسبینڈری سے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں