زرعی یونیورسٹی کسانوں کی مدد کیلئے سفارشات تیار کریگی،ڈاکٹر ذوالفقار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد چناب، راوی اور ستلج میں تباہ کن اور ہولناک سیلاب سے متاثر ہونیوالے 2,200 دیہاتوں میں تباہی کو مدنظر رکھتے ہوئے زراعت ، لائیوسٹاک کی بحالی اور کاشتکاروں کی مدد کا منصوبہ تشکیل دے گی۔ اس حوالے سے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور ایک ٹیم چنیوٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے ڈینز اور ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کمیونٹی متاثرہ علاقوں میں کسانوں کی مدد اور زرعی بحالی کے لیے سفارشات اور اقدامات تجویز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ افراد کے لئے تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لائیں تاکہ وہ دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں اور غذائی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب نے پنجاب کے میدانی علاقوں میں زرعی زمینوں کو تباہ کر دیا ہے۔ زیادہ تر چھوٹے کسان بے گھر ہو چکے ہیں اور سیلابی پانی نے ان کی فصلیں برباد ہو گئیں۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق کسانوں کو اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے ہمیشہ قدرتی آفات کے وقت فعال کردار ادا کیا ہے اور مصیبت کی اس گھڑی میں ہم اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں