زہریلا کھانا کھانے سے بہن بھائی جاں بحق،ماں سمیت3بچے ہسپتال داخل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ سول لائن کے علاقہ شعیب بلال مارکیٹ کے قریب مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے کم سن بہن بھائی جاں بحق’ والدہ سمیت 4بہن بھائیوں کی حالت غیر، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری منتقل کر دیں جبکہ متاثر ماں کو بچوں سمیت تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا’ جہاں ڈاکٹرز ان کی جانیں بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ شعیب بلال مارکیٹ کے رہائشی زاہد کی اہلیہ نے گزشتہ شب گھر میں مونگ کی دال پکائی اور بازار سے روٹیاں لا کر تمام اہل خانہ نے کھانا کھایا جس کے بعد 41سالہ عاصمہ ناز اور اس کے بچوں 14 سالہ سعدیہ’ 11سالہ غلام محی الدین’ 10سالہ غلام محمد’ 7 سالہ بتول فاطمہ اور 6 سالہ منیر کی حالت خراب ہو گئی’ جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال پہنچایا گیا جہاں پر 7سالہ بتول فاطمہ اور اسکا 6سالہ بھائی منیر احمد زندگی کی بازی ہار گیا۔ جبکہ عاصمہ ناز اور اس کے دیگر تین بچوں کی جانیں بچانے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ سول لائن پولیس نے کم سن بہن بھائی کی نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ کھانا کھانے کے بعد گھر کے سربراہ زاہد کی حالت ٹھیک ہے۔ پولیس اصل حقائق جاننے کے لیے مختلف پہلوئوں پر تفتیش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں