فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جھنگ بازار کے علاقہ سیف آباد میں زہریلی شراب پینے سے دو نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد تیسرا دوست بھی چل بسا’ تھانہ جھنگ بازار پولیس نے معاملہ کو مکمل طور پر دبا لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ روز تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ سیف آباد گلی نمبر8 میں تین دوستوں عثمان’ شفیق اور کوکیانوالہ کے 24 سالہ شہزاد نے زہریلی شراب پی، جس کے باعث ان کی حالت غیر ہونے پر گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد لایا گیا جہاں پر دوران علاج سیف آباد کے رہائشی عثمان اور شفیق زندگی کی بازی ہار گئے اور تھانہ جھنگ بازار کے سکیورٹی کانسٹیبل نے زہریلی شراب پینے سے دو دوستوں کی ہلاکت کے بارے میں بتایا۔ لیکن جھنگ بازار پولیس نے مکمل خاموشی اختیار کر لی اور معاملہ کو دبا لیا۔ تاہم آج صبح تھانہ رضاآباد کے علاقہ کوکیانوالہ کا رہائشی 24سالہ شہزاد بھی ہلاک ہو گیا۔ تاہم رضاآباد پولیس نے نعش کو تحویل میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس مقابلوں اور منشیات فروشی کے خاتمہ کے دعوئوں کے باوجود زہریلی شراب پینے سے 3دوستوں کی ہلاکت پولیس کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔




