سرگودھا میں ترقیاتی منصوبوں پر 41فیصد کام مکمل ہو چکا

سرگودہا (بیوروچیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع سرگودہا میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت محکمہ بلڈنگ کی جاری اور نئی ترقیاتی اسکیموں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایس ای بلڈنگز امانت علی اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ ضلع سرگودہا میں محکمہ بلڈنگ کی 39 مختلف اسکیموں پر کام جاری ہے۔ ان میں سے 22 جاری اسکیموں پر 5 ارب 12 کروڑ 56 لاکھ روپے کی لاگت سے کام ہو رہا ہے، جبکہ 17 نئی اسکیموں پر 70 کروڑ 68 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ بتایا گیا کہ مجموعی طور پر ان منصوبوں پر 41 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔مزید بتایا گیا کہ جاری اسکیموں میں سپیشل ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، ہیلتھ اینڈ پاپولیشن، سوشل ویلفیئر، بورڈ اینڈ ریونیو، ہوم ڈیپارٹمنٹ، جوڈیشری، پولیس، پبلک پراسیکیوشن، ایس اینڈ جی اے ڈی، ایگریکلچر، معدنیات، گورننس اینڈ آئی ٹی، اور انوائرمنٹ اینڈ کلائمٹ چینج کے شعبے شامل ہیں۔ اسی طرح نئی اسکیموں میں سوشل ویلفیئر، بورڈ اینڈ ریونیو، جوڈیشری، پولیس اور کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کی اسکیمیں شامل ہیں۔اجلاس میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودہا کے زیر تعمیر بلاک کی پیشرفت رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ کمشنر سرگودہا نے ہدایت کی کہ تمام اسکیموں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، تمام منصوبوں پر شفافیت، میرٹ اور معیار کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کا ایک ایک روپیہ عوام کی امانت ہے اس کا درست اور شفاف استعمال کیا جائے۔ کرپشن اور غیر ذمہ دارانہ رویے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ کام کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے جلد مستفید ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں